
نئی دہلی، 7 جون (ہ س)۔ ساوتھ ایسٹ ڈسٹرکٹ پولیس کے اینٹی نارکوٹکس اسکواڈ (اے این ایس) نے بڑے کریک ڈاون میں ایک منشیات اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 292 گرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن (اسمیک) برآمد ہوئی۔ پولیس نے اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی فورڈ ایکو اسپورٹ کار بھی قبضے میں لے لی۔ برآمد کی گئی ہیروئن کی مقدار کمرشیل کیٹیگری میں آتی ہے۔
جنوبی مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر پولیس ہیمنت تیواری نے اتوار کو کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے ایک حصے کے طور پر، اے این ایس ٹیم علاقے میں سرگرم ا سمگلروں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ اسی دوران، 6 جون کو، ٹیم کو اطلاع ملی کہ ایک ا سمگلر سرائے کالے خان میٹرو اسٹیشن کے قریب آرہا ہے۔ معلومات کو قابل اعتماد سمجھتے ہوئے انسپکٹر وشنو دت کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق پولیس ٹیم نے سرائے کالے خان میٹرو اسٹیشن کے قریب جال بچھا کر مشکوک گاڑی کو روکا۔
تلاشی کے دوران پولیس نے گاڑی میں سوار 43 سالہ ونود کو گرفتار کرلیا۔ ملزم دہلی کے نانگلوئی علاقہ کا رہنے والا ہے۔ دوران تفتیش ملزم کے قبضے سے 292 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی فورڈ ایکو اسپورٹ کار بھی قبضے میں لے لی گئی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف سن لائٹ کالونی پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش منشیات فروشی سے متعلق کئی اہم انکشافات کیے۔ پولیس اب اس کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کرنے اور سپلائی چین کے آگے اور پیچھے روابط کی تحقیقات کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم اس سے قبل بھی جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ اسے اڈیشہ میں قتل اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ کا سامنا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ برآمد شدہ ہیروئن کے ذرائع اور اس کی سپلائی کس کو کرنی تھی اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ساو¿تھ ایسٹ ڈسٹرکٹ پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کی مہم جاری رہے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی