
نئی دہلی، 7 جون (ہ س)۔ ضلع شاہدرہ کے سائبر پولیس اسٹیشن نے آن لائن انویسٹمنٹ اور سائبر فراڈ کے معاملہ میں دو ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے سائبر فراڈ کرنے والوں کو کرایہ کے بینک اکاونٹس فراہم کیے اور فراڈ کی گئی رقوم منتقل کیں۔ پولیس نے ملزم سے ایک موبائل فون، چھ ڈیبٹ کارڈز، دو چیک بکس اور اہم ڈیجیٹل ثبوت برآمد کئے۔
شاہدرہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجندر پرساد مینا نے اتوار کو بتایا کہ 14 مئی 2026 کو شاہدرہ کے رہنے والے بزرگ شہری سرینواس شرما نے سائبر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ شکایت میں اس نے کہا کہ اس کے واٹس ایپ پر ایک لنک بھیجا گیا تھا۔ لنک پر کلک کرنے پر، اس کا موبائل فون ہیک کر لیا گیا اور اس کی اجازت کے بغیر اس کے بینک اکاونٹ سے 169,263 روپے نکال لیے گئے۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سائبر پولیس اسٹیشن نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ تحقیقات کے لیے ایس آئی سچن کمار، ہیڈ کانسٹیبل پونیت تیوتیا، آشیش اور پروین پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ تکنیکی تجزیہ اور بینکنگ لین دین کی جانچ کے ذریعے، پولیس نے دریافت کیا کہ دھوکہ دہی کی رقم کا ایک حصہ یمنا نگر، ہریانہ میں یونین بینک آف انڈیا کے اکاونٹ میں منتقل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد پولیس ٹیم نے یمنا نگر میں چھاپہ مار کر دو ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی شناخت ابھے کمار اور امرک سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ سائبر فراڈ کرنے والوں کو بینک اکاونٹس فراہم کرتے تھے۔ ان اکاونٹس کو دھوکہ دہی سے حاصل ہونے والی رقم، مختلف اکاونٹس میں منتقل کرنے اور نقد رقم نکالنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ ملزمان کو معلوم تھا کہ ان کے بینک اکاونٹس اور بینکنگ آلات سائبر کرائم کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں، اس کے باوجود وہ کمیشن کے عوض ایسا کرتے رہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک موبائل فون، چھ ڈیبٹ کارڈز اور دو چیک بکس برآمد کیے۔ واٹس ایپ چیٹس، بینک اکاو¿نٹ کی معلومات، لاگ ان کی اسناد اور دیگر ڈیجیٹل ریکارڈز بھی ملے، جنہیں تحقیقات میں اہم شواہد قرار دیا جا رہا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سائبر فراڈ کے بڑے نیٹ ورک کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ پولیس اب پورے منی ٹریل کی چھان بین کر رہی ہے اور گینگ کے دیگر ارکان کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وہ دیگر ریاستوں میں درج سائبر کرائم کیسوں سے ان کے کنکشن کی بھی چھان بین کر رہے ہیں۔
اس دوران، شاہدرہ ڈسٹرکٹ پولیس نے لوگوں، خاص طور پر بزرگ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ واٹس ایپ، ایس ایم ایس، ای میل، یا سوشل میڈیا پر موصول ہونے والے مشکوک لنکس پر کلک نہ کریں۔ کسی بھی سائبر فراڈ کی صورت میں فوری طور پر نیشنل سائبر ہیلپ لائن 1930 یا سائبر کرائم پورٹل پر شکایت درج کروائیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی