
دادری ٹول پلازہ پر غنڈہ گردی : گاڑی ڈرائیوروں نے بوم بیریئر توڑا، پولیس اہلکار بال بال بچے، مقدمہ درج
نوئیڈا، 5 جون (ہ س)۔ اتر پردیش کے نوئیڈا میں تھانہ دادری کے لوہارلی ٹول پلازہ کے مینیجر نے رپورٹ درج کروائی ہے کہ ایک بااثر شخص کی آٹھ گاڑیوں کے ڈرائیور ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس دیے بغیر بوم بیریئر توڑ کر اپنی گاڑیاں نکال رہے ہیں۔ پولیس واقعے کا مقدمہ درج کر کے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ تھانہ دادری کے انچارج انسپکٹر نیرج مشرا نے بتایا کہ آج صبح دادری ٹول پلازہ کے مینیجر رجنی کانت دویویدی نے تھانے میں رپورٹ درج کروائی ہے کہ آٹھ کمرشیل گاڑیاں، جو کہ بیل اکبر پور گاوں کے رہائشی امت بھاٹی اور ان کے ساتھیوں کی ہیں، مسلسل ٹول ٹیکس ادا کیے بغیر زبردستی بوم بیریئر توڑ کر نکالی جا رہی ہیں۔
ان کے مطابق اس جرم کی وجہ سے حکومتِ ہند کو ریونیو کا مسلسل نقصان ہو رہا ہے اور ٹول پلازہ کی املاک و آلات کو بھاری مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔ مینیجر کے مطابق ان کے خلاف پہلے بھی تھانہ دادری پولیس کی طرف سے کارروائی کی گئی تھی، لیکن یہ لوگ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہے ہیں۔ ملزمان نے گزشتہ رات تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے ٹول پلازہ کے بوم بیریئر کو توڑ دیا۔ اس واقعے میں ٹول پلازہ پر ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار بال بال بچ گئے۔ اس پورے واقعے کی ویڈیو ریکارڈنگ ٹول پلازہ پر لگے کیمروں میں قید ہو گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن