یکم جولائی سے ملک بھر میں نافذ ہوگا وی بی-جی رام جی قانون
- دیہی خاندانوں کو 125 دن کے روزگار کا قانونی حق حاصل ہوگا
- دیہی خاندانوں کو 125 دن کے روزگار کا قانونی حق حاصل ہوگا


نئی دہلی، 30 جون (ہ س): وکست بھارت–دیہی روزگار و ذریعۂ معاش گارنٹی مشن (وی بی-جی رام جی) قانون بدھ سے ملک بھر کے دیہی علاقوں میں نافذ العمل ہو جائے گا۔ یہ قانون دیہی روزگار، ذریعۂ معاش کے تحفظ اور گاوں کی پائیدار ترقی کو نئی مضبوطی فراہم کرے گا۔ اس کے تحت اہل دیہی خاندانوں کے لیے روزگار کی قانونی گارنٹی 100 دن سے بڑھا کر 125 دن کر دی گئی ہے۔

قانون کے ملک گیر نفاذ سے قبل مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی، زراعت اور کسانوں کی بہبود شیوراج سنگھ چوہان نے جاری بیان میں کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ کوئی بھی اہل دیہی مزدور ایک دن کے کام سے بھی محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے تعاون سے قانون کے مؤثر نفاذ کے لیے تمام انتظامی، مالی اور تکنیکی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روزگار کی گارنٹی کو 125 دن تک بڑھانے سے دیہی خاندانوں کے ذریعۂ معاش کو مزید استحکام ملے گا، پائیدار اجتماعی اثاثوں کی تعمیر ہوگی اور ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کے حصول کو مزید رفتار ملے گی۔

شیوراج سنگھ چوہان نے بتایا کہ قانون کے ہموار نفاذ کے لیے مرکزی حکومت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو 95 ہزار 692 کروڑ 31 لاکھ روپے کی عبوری رقم پہلے ہی جاری کر دی ہے۔ اس سے قانون کے نفاذ کے پہلے ہی دن سے روزگار کی فراہمی، مزدوری کی بروقت ادائیگی اور ترقیاتی کاموں کو بلا تعطل جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔

حکومت نے نئے نظام میں بغیر کسی رکاوٹ کے منتقلی کو یقینی بنایا ہے۔ پہلے سے جاری تمام ترقیاتی کام حسبِ سابق جاری رہیں گے۔ جن مزدوروں کی الیکٹرانک جانچ و تصدیق (ای۔کے۔وائی۔سی) مکمل ہو چکی ہے، ان کے موجودہ روزگار کارڈ، نئے دیہی روزگار گارنٹی کارڈ جاری ہونے تک مؤثر رہیں گے، تاکہ روزگار اور مزدوری کی ادائیگی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

اس قانون میں رام پنچایتوں کے کردار کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ اس کے تحت پائیدار اثاثوں کی تعمیر، قدرتی وسائل کا تحفظ، آبی وسائل کی حفاظت، زراعت اور اس سے وابستہ سرگرمیوں کے فروغ، دیہی بنیادی ڈھانچے کی ترقی، خود امدادی گروپوں کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے، مختلف سرکاری منصوبوں کے بہتر تال میل اور ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف نظام پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔

وی بی-جی رام جی قانون کا نفاذ دیہی ترقی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے دیہات میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا، پائیدار اثاثوں کی تعمیر کو فروغ ملے گا اور خود کفیل، خوشحال اور بااختیار دیہی بھارت کی تعمیر کو نئی رفتار حاصل ہوگی۔

وکست بھارت–دیہی روزگار و ذریعۂ معاش گارنٹی قانون، 2025 کا قومی سطح پر افتتاح 2 جولائی کو آندھرا پردیش کے تروپتی ضلع کے اوبلاوری پلی منڈل کے مکّاوری پلی گاؤں میں منعقد کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی، زراعت اور کسانوں کی بہبود شیوراج سنگھ چوہان اس مشن کا افتتاح کریں گے۔

اس موقع پر آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو، نائب وزیر اعلیٰ کونیڈیلا پون کلیان، مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر چندرشیکھر پیمّاسانی اور کملیش پاسوان سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود ہوں گی۔ تقریب کے دوران مستحقین میں دیہی روزگار گارنٹی کارڈ تقسیم کیے جائیں گے، وی بی-جی رام جی مشن کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا، آگاہی پر مبنی دستاویزی فلم پیش کی جائے گی، جبکہ مشن سے متعلق اداریہ نما مضامین کے مجموعے کی بھی رونمائی کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande