جمعیة علماءہند کے اعلیٰ سطحی وفد کی ریزیڈنٹ ایڈیشنل کلکٹر سے ملاقات
مساجد، درگاہوں اور مکانوں کے انہدام پر سخت اعتراض؛ متعدد متاثرہ علاقوں کا دورہ، صدر جمعیةعلماءہند مولانا محمود مدنی کی ہدایت پرقانونی چارہ جوئی کے لیےوکلا پینل قائمنئی دہلی، 30 جون(ہ س)۔ جمعیة علماءہند کے ناظم عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی ک
جمعیة علماءہند کے اعلیٰ سطحی وفد کی ریزیڈنٹ ایڈیشنل کلکٹر سے ملاقات


مساجد، درگاہوں اور مکانوں کے انہدام پر سخت اعتراض؛ متعدد متاثرہ علاقوں کا دورہ، صدر جمعیةعلماءہند مولانا محمود مدنی کی ہدایت پرقانونی چارہ جوئی کے لیےوکلا پینل قائمنئی دہلی، 30 جون(ہ س)۔

جمعیة علماءہند کے ناظم عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحیٰ وفد نے آج ضلع کلکٹر آفس بھج میں ریزیڈنٹ ایڈیشنل کلکٹر پارتھ کوٹڈیا سے ملاقات کی اوربھج میں حالیہ انہدامی کارروائیوں پر شدید تشویش اور احتجاج درج کرایا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ تمام کارروائیاں سپریم کورٹ کی ہدایات اور قدرتی انصاف کے مطابق انجام دی جائیں۔

وفد نے ریزیڈنٹ ایڈیشنل کلکٹر کے سامنے سوال اٹھایا کہ جن علاقوں میں انہدامی کارروائیاں کی گئی ہیں وہ بین الاقوامی سرحد سے کافی فاصلے پر واقع ہیں، اس لیے ان کارروائیوں کی قانونی بنیاد کیا ہے۔ وفد نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی علاقے کا تعلق سرحدی خطے سے ہو تب بھی کسی شہری یا مذہبی مقام کے خلاف کارروائی صرف قانون کے مطابق ہی کی جا سکتی ہے اور اس کے لیے آئینی تقاضوں اور عدالتی رہنما اصولوں کی مکمل پابندی ضروری ہے۔وفد نے انتظامیہ کے سامنے متعدد مطالبات بھی پیش کیے، جن میں نانا ورنورا میں مکانات اور دکانوں کے انہدام کی قانونی بنیاد واضح کرنا، سرپنچ کے مبینہ جعلی دستخط کے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیق، نابالغ بچوں سمیت گرفتار افراد کی رہائی، متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری اور مناسب معاوضہ، مساجد، درگاہوں، دینی اداروں اور اوقافی املاک سے متعلق کارروائیوں میں آئین اور سپریم کورٹ کی ہدایات کی مکمل پابندی اور آئندہ کسی بھی انہدامی کارروائی سے قبل مناسب نوٹس اور مو¿ثر سماعت کو یقینی بنانا شامل ہے۔

ریزیڈنٹ ایڈیشنل کلکٹر پارتھ کوٹڈیا نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے نکات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ تمام معاملات متعلقہ حکام کے سامنے رکھے جائیں گے اور قانون کے مطابق ان کا جائزہ لیا جائے گا۔وفد میں سربراہ وفد کے علاوہ حاجی محمد ہارون صدرجمعیة علماءمدھیہ پردیش، نور محمد رائماسکریٹری جمعیة علماءبھج،عتیق الرحمن قریشی ناظمِ تنظیم جمعیةعلماءگجرات، سلیم بھائی رائما سکریٹری جمعیة علماءانجار، ، مولانا ابوالحسن سیوانی آرگنائزر جمعیة علماء ہند، مفتی انیس جمعیة چلڈرن ولیج، انجار، عبدالکریم بافن ، محمد انیس قریشی اور دیگر ذمہ داران شریک تھے۔

جمعیة علماءہند نے اس معاملے میں آئندہ کی قانونی حکمت عملی طے کرنے کے لیے بھج میں سینئر وکلاءکے ساتھ ایک تفصیلی مشاورتی میٹنگ بھی منعقد کی اور صدر جمعیة علماءہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر وکیلوں کا ایک پینل بھی قائم کیا۔

انتظامیہ کی ملاقات سے قبل جمعیة علماءہند کے وفد نے ضلع کچھ کے متاثرہ علاقوں خصوصاً نانا ورنورا، دنارا، کھاوڑا اور توگا کا دورہ کرکے متاثرہ خاندانوں، مقامی علماءاور ذمہ داران سے ملاقات کی اور زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔نانا ورنورا میں وفد نے منہدم شدہ مکانات اور دکانوں کا معائنہ کیا۔ مقامی افراد کے مطابق حالیہ کارروائی میں 17 مکانات، 21 دکانیں منہدم کی گئیں، جبکہ احتجاج کے بعد 25 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 6 نابالغ بھی شامل ہیں۔ وفد نے متعلقہ دستاویزات اور ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔ مقامی سرپنچ عبداللطیف کیور نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بعض نوٹسوں پر ان کے جعلی دستخط کیے گئے جس پر وفد نے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔دنارا، کھاوڑا اور توگا میں مقامی ذمہ داران نے وفد کو بتایا کہ توگا کی مسجد کو مختصر مہلت کے بعد منہدم کر دیا گیا، جبکہ اس سے قبل آدی پور (کنڈلا) کی ایک مسجد بھی انہدامی کارروائی کا نشانہ بن چکی ہے۔ وفد نے ان تمام معاملات کے قانونی پہلوو¿ں کا جائزہ لیتے ہوئے یقین دلایا کہ جمعیة علماءہند متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔اس موقع پر مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیة علماءہند کا ضلع کچھ سے تعلق کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب 2001 میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا تو جمعیةعلماءہند کے موجودہ صدر حضرت مولانا محمود اسعد مدنی کی قیادت میں سب سے پہلے قافلہ یہاں پہنچا تھا۔ جمعیة نے متاثرین کی بازآبادکاری کے لیے سیکڑوں مکانات تعمیر کیے اور جمعیة چلڈرن ولیج جیسے مستقل تعلیمی و فلاحی ادارے قائم کیے۔ انہوں نے کہا کہ اسی دیرینہ تعلق اور انسانی ذمہ داری کے تحت جمعیة علماءہند آج بھی متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی اور ان کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande