
نئی دہلی، 30 جون (ہ س): بھارت کی شاندار دستکاری اور ہینڈلوم روایت کو عالمی سطح پر پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تین روزہ دورۂ سیشلز کے دوران وہاں کی اعلیٰ قیادت کو ملک کی مختلف ریاستوں کی روایتی فن پارے اور ملبوسات بطور تحفہ پیش کیے۔
وزیر اعظم نے سیشلز کے صدر پیٹرک ہرمنی کو اتر پردیش کے مراد آباد کے ہنرمندوں کی تیار کردہ مراد آبادی پیتل کا کچھوا تحفے میں دیا۔ یہ کچھوا دھات ڈھلائی، نقش و نگار اور فنشنگ کے شعبے میں اس علاقے کی غیر معمولی مہارت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے خول کی باریک کاریگری اور چمکدار تکمیل نسل در نسل منتقل ہونے والے فن کا مظہر ہے۔ بھارتی فلسفے میں کچھوا دانائی، استحکام، صبر اور طویل عمری کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ تحفہ سیشلز کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ وہاں دنیا بھر میں مشہور ایلڈابرا جائنٹ ٹورٹوائز پائے جاتے ہیں، جو دنیا کی سب سے بڑی اور طویل عمر پانے والی کچھوؤں کی اقسام میں شمار ہوتے ہیں۔ اس طرح مراد آبادی پیتل کا کچھوا نہ صرف بھارتی دستکاری کی عمدگی کی علامت ہے بلکہ سیشلز کے ساتھ دونوں ممالک کی مضبوط دوستی، دانائی اور فطرت سے ہم آہنگی جیسے مشترکہ اقدار کی بھی ترجمانی کرتا ہے۔
خاتونِ اول ویرونیک ہرمنی کو مہیشوری سلک اسٹول اور بیدری ویئر باکس کا تحفہ
خاتونِ اول ویرونیک ہرمنی کو مدھیہ پردیش کا مہیشوری سلک اسٹول اور کرناٹک کا مشہور بیدری ویئر باکس تحفے میں پیش کیا گیا۔ مہیشوری سلک اسٹول اپنی ہلکی ساخت، خوبصورت گراؤ اور منفرد بُنے ہوئے نمونوں کے لیے مشہور ہے۔ مدھیہ پردیش کے مہیشور سے تعلق رکھنے والی یہ بافت اپنی نفیس کاریگری اور ریشم و سوتی دھاگوں کے حسین امتزاج کے لیے جانی جاتی ہے۔ اس پر جیومیٹریائی ڈیزائن، دھاری دار کنارے، ہلکے رنگوں کے امتزاج اور پھولوں کی دلکش نقش نگاری موجود ہے، جو مہیشوری بنائی کی نفاست کو اجاگر کرتی ہے۔
دوسری جانب بیدری ویئر باکس بھارت کی معروف دھاتی دستکاری کی ایک شاندار مثال ہے۔ اس کی نمایاں خصوصیت سیاہ دھاتی سطح پر چمکدار چاندی کی نفیس نقاشی ہے۔ ماہر ہنرمندوں کے ہاتھ سے تیار کردہ اس باکس پر باریک جیومیٹریائی اور پھولوں کے ڈیزائن بنائے گئے ہیں، جن میں نہایت نفاست سے چاندی کی تاریں جڑی گئی ہیں، جو اعلیٰ درجے کی فنکاری کی عکاس ہیں۔
سکم کی آرکڈ پینٹنگ کا تحفہ
نائب صدر سیبسٹین پِلے کو سکم کی آرکڈ آرٹ پینٹنگ پیش کی گئی۔ اس فن پارے میں بھارت کے قومی پرندے مور کو آرکڈ کے پھولوں کے درمیان دکھایا گیا ہے۔ آرکڈ سیشلز کا قومی پھول بھی ہے، اس لیے یہ تحفہ دونوں ممالک کے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔
کانچی پورم سلک کپڑے کا تحفہ
دوسری خاتون لینا پِلے کو تمل ناڈو کا کانچی ورم سلک کپڑا تحفے میں دیا گیا۔ جغرافیائی اشاریہ (جی آئی) ٹیگ یافتہ اس ریشمی کپڑے پر سنہری زری کا نفیس کام اور سرخ، سبز اور سنہری رنگوں کی دلکش سرحد موجود ہے۔ اس کی عمدہ بُنائی، باریک نقش و نگار اور رنگوں کا حسین امتزاج کانچی پورم کی منفرد فنی روایت کو نمایاں کرتا ہے۔ مندروں کے طرزِ تعمیر، قدرتی مناظر اور روایتی آرائشی اشکال سے متاثر ان ڈیزائنوں میں مور، پھول، پتیاں اور جیومیٹریائی نمونے نہایت باریکی سے بُنے جاتے ہیں۔
ٹوڈا کڑھائی والی شال کا تحفہ
سیشلز کی نیشنل اسمبلی کے اسپیکر آزاریل ارنیسٹا کو تمل ناڈو کی نیل گیری پہاڑیوں میں آباد ٹوڈا برادری کی ہاتھ سے تیار کردہ ٹوڈا کڑھائی والی شال پیش کی گئی۔ سفید سوتی کپڑے پر سرخ اور سیاہ رنگ کی جیومیٹریائی کڑھائی سے مزین یہ شال بھارت کی قبائلی وراثت اور روایتی دستکاری کی علامت ہے۔ اس کڑھائی کی تکنیک، جسے پُکھور کہا جاتا ہے، صرف ٹوڈا برادری میں پائی جاتی ہے اور مکمل طور پر ہاتھ سے کی جاتی ہے۔ روایتی طور پر تقریبات اور اہم سماجی مواقع پر استعمال ہونے والی یہ شال شناخت، ثقافتی تسلسل اور مقامی علم و روایت کے تحفظ کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ یہ بھارت کے ثقافتی تنوع اور ہنرمند برادریوں کی لازوال تخلیقی صلاحیتوں کی نمائندگی کرتی ہے، جو سیشلز کی اپنی منفرد ثقافتی وراثت اور روایات کے تحفظ کے عزم سے ہم آہنگ ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد