
پٹنہ، 3 جون(ہ س)۔ بہار کو تکنیکی تعلیم کے میدان میں ایک اہم حصولیابی ملی ہے۔ سائنس، ٹیکنالوجی اور تکنیکی تعلیم محکمہ کے تحت آنے والیے ریاست کے 7 سرکاری پولی ٹیکنک اداروں میں دس مختلف کورسز کو نیشنل بورڈ آف ایکریڈیٹیشن (این بی اے)سے منظوری ملی ہے۔ اس سے ریاست کے تکنیکی تعلیمی نظام کے لیے ایک بڑی حصولیابی مانی جارہی ہے ۔
تسلیم شدہ اداروں میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک، اورنگ آباد کا مکینیکل انجینئرنگ کورس، گورنمنٹ پولی ٹیکنک چھپرا میں الیکٹرانکس انجینئرنگ کورس، اور گورنمنٹ پولی ٹیکنک کشن گنج اور سپول میں مکینیکل انجینئرنگ کورس شامل ہیں۔
وہیںگورنمنٹ پولی ٹیکنک سہرسہ کے الیکٹریکل، الیکٹرانکس، اور مکینیکل انجینئرنگ کورسز کو بھی این بی اے کی منظوری ملی ہے۔اس کے علاوہ گورنمنٹ پولی ٹیکنک مغربی چمپارن میں مکینیکل انجینئرنگ کورسز اور نیو گورنمنٹ پولی ٹیکنیک (این جی پی)، پٹنہ-13 میں الیکٹریکل اور کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ کورسز کو بھی منظوری دی گئی ہے۔
اس سے پہلے سال 2024 میں، نیو گورنمنٹ پولی ٹیکنک (این جی پی)، پٹنہ-13کو سیول، الیکٹرانکس، اور مکینیکل انجینئرنگ میں این بی اے کی منظوری حاصل ہوئی ہے۔ محکمہ کے مطابق یہ کامیابی بہار میں تکنیکی تعلیم کے معیار کو قومی سطح پر قائم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، سائنس، ٹیکنالوجی، اور تکنیکی تعلیم کی وزیر مسز شیلا کماری نے کہا کہ یہ ریاست کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی تعلیم کے شعبے میں ایکریڈیشن کی کمی ایک بڑا چیلنج رہا ہے لیکن اداروں نے محنت اور بہتر دستاویزات کے ذریعے اس چیلنج پر قابو پالیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیق و ترقی اور تقرری جیسے شعبوں میں بھی گزشتہ چند برسوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے جس کے نتائج آج واضح ہیں۔
محکمہ کے سکریٹری مسٹر ہمانشو شرما نے کہا کہ یہ صرف شروعات ہے اور ریاست کے دیگر تکنیکی ادارے جلد ہی اس زمرے میں شامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی بہار میں تکنیکی تعلیم کے معیار میں مسلسل بہتری کا ثبوت ہے۔
محکمہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کم ڈائریکٹر جناب احمد محمود نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے اس سمت میں مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں اور یہ کامیابی پوری ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
محکمہ کا ماننا ہے کہ یہ کامیابی ریاست کے دیگر تکنیکی اداروں کو معیار، اختراع اور بہترین کارکردگی کے حصول کی ترغیب دے گی۔ اس کا مقصد آنے والے برسوں میں مزید اداروں کے لیے این بی اے کی منظوری حاصل کرنا ہے، تاکہ بہار تکنیکی تعلیم کے میدان میں نئی بلندیوں تک پہنچ سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan