
حیدرآباد ، 3 جون (ہ س) ۔ پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں آئندہ دنوں کے دوران مزید اضافہ ہوگا بلکہ پٹرول کی قیمت میں مزید 12 روپئے اور ڈیزل کی قیمت میں مزید 10روپئے کے اضافہ کا خدشہ ظاہرکیا جارہاہے۔ عالمی بازارمیں خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کا سلسلہ شروع ہوتے ہی ماہرین معاشیات نے ہندستان میں دوبارہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے سلسلہ میں پیشن گوئی کرنی شروع کردی ہے۔ گذشتہ ماہ مئی کے دوران حکومت نے اندرون 11 یوم میں پٹرول وڈیزل کی 8 روپئے تک کا اضافہ کیا ہے اوراس وقت عالمی بازارمیں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ ریکارڈ کی جارہی تھی لیکن اب جبکہ عالمی بازارمیں دوبارہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ ایسے میں ہندوستانی تیل کمپنیاں مزید خسارہ پیش کرتے ہوئے حکومت پرایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے دباؤ ڈال سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق آئندہ چند یوم کے دوران ہندستان میں پٹرول کی قیمت میں 12 روپئے اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپئے تک کا اضافہ کیا جاسکتا ہے جو کہ بتدریج کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے ۔بتایاجاتاہے کہ تیل کمپنیاں ایل پی جی گیس ‘ ایویشن فیول کے علاوہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والے خسارے سے متعلق تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کرچکی ہیں اور ان کے مطابق ایل پی جی گیاس میں تیل کمپنیوں کو 650 روپئے فی سیلنڈر نقصان کا دعویٰ کیا جا رہاہے جبکہ ایویشن فیول کی قیمت میں 30 روپئے فی لیٹر خسارے کی رپورٹ پیش کی گئی ہے ۔ش ذرائع کے مطابق تیل کمپنیوں نے آئندہ 48گھنٹوں کے دوران پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 2تا4 روپئے فی لیٹر کے اضافہ کی منصوبہ بندی کرلی ہے جس پر عمل آوری کے سلسلہ میں جلد اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق