
جموں میں یکم جولائی سے بارش کی پیش گوئی
جموں، 27 جون (ہ س)۔ جموں ڈویژن میں یکم اور 2 جولائی کو گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے شدید گرمی اور حبس سے لوگوں کو بڑی حد تک راحت ملنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چار دنوں تک موسم میں اتار چڑھاؤ برقرار رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 27 سے 30 جون تک آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم وقفے وقفے سے تیز دھوپ بھی نکل سکتی ہے۔ اس کے بعد یکم اور 2 جولائی کو جموں کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ اچھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جمعہ کے روز جموں شہر میں صبح اور شام کے وقت بادل چھائے رہے، لیکن دن بھر شدید گرمی اور حبس نے لوگوں کو بے حال کیے رکھا۔ہفتہ کی صبح سے ہی آسمان صاف رہا اور تیز دھوپ سے درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بالائی پہاڑی علاقوں میں متوقع بارش کے باعث ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے میدانی علاقوں میں بھی موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر