مرینا میں بیوی اور دو معصوم بچوں کے قتل کے بعد نوجوان نے ٹرین کے آگے کود کر جان دی
۔ تنازعہ کے بعد میکے سے لوٹی تھی بیوی
بیوی اور دو معصوم بچوں کا قتل


مرینا، 27 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے مرینا ضلع میں ایک نوجوان نے اپنی بیوی اور دو معصوم بچوں کو کلہاڑی سے کاٹ کر قتل کر دیا۔ اس کے بعد ملزم شوہر نے ٹرین کے آگے کود کر اپنی جان دے دی۔ پورا معاملہ جمعہ کی رات کا ہے۔ ہفتہ کی صبح اس قتل عام کا انکشاف ہوا۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

واقعہ ماتا بسیا تھانہ علاقے کے کشن پور گاوں کا ہے۔ پولیس کے مطابق، 35 سالہ بلرام سنگھ کشواہا ولد ہری چرن کشواہا نے جمعہ کی دیر رات سو رہی اپنی 32 سالہ بیوی رویتا کشواہا پر کلہاڑی سے حملہ کیا۔ اس کے بعد اس نے اپنے دونوں بیٹوں، 8 سالہ آرو اور 5 سالہ دیبو پر بھی یکے بعد دیگرے کئی وار کیے۔ حملے میں تینوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس کے بعد وہ گاوں سے کچھ دوری پر واقع شکار پور ریلوے پھاٹک پہنچا اور ٹرین سے کٹ کر خودکشی کر لی۔

بسیا تھانہ انچارج وویک تومر نے بتایا کہ واردات گھر کے آنگن میں ہوئی۔ گھر چاروں طرف سے اونچی باونڈری سے گھرا ہوا ہے۔ ہفتہ کی صبح پڑوسیوں نے دیکھا کہ گھر کا مین گیٹ باہر سے بند ہے۔ شک ہونے پر انہوں نے باونڈری کے اوپر سے اندر جھانک کر دیکھا تو خاتون اور دونوں بچوں کی لاشیں پڑی ملیں۔ اس کے بعد فوراً پولیس کو اطلاع دی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ماتا بسیا تھانہ پولیس، سینئر افسران اور ایف ایس ایل کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوع کا معائنہ کر کے شواہد جمع کیے اور جانچ شروع کر دی ہے۔ جائے وقوع کے حالات دیکھ کر صاف ظاہر ہے کہ مقتولہ رویتا نے خود کو اور بچوں کو بچانے کے لیے سخت جدوجہد کی تھی۔ اس کی لاش کھاٹ (چارپائی) سے تقریباً 20 فٹ دور ملی۔ پولیس کو چھان بین کے دوران واردات میں استعمال کی گئی خون آلود کلہاڑی گھر کے اندر سے ہی مل گئی ہے۔ دل دہلا دینے والی بات یہ ہے کہ متوفی بلرام کی ماں رام کلی رات بھر گھر کے باہر ہی سو رہی تھی، لیکن اسے اندر چل رہے اس قتلِ عام کی بھنک تک نہیں لگی۔

ہیڈ کوارٹر ڈی ایس پی وجے بھدوریا نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ بلرام کا اپنی بیوی سے تنازع چل رہا تھا، جس کی وجہ سے وہ کچھ دنوں سے اپنے میکے کُتوار گاوں میں رہ رہی تھی۔ دو دن پہلے ہی بلرام اور دیگر لوگ پنچایت کے بعد اسے کشن پور گاوں لائے تھے۔ جمعہ کی رات بلرام اور رویتا میں پھر جھگڑا ہو گیا، جس کے بعد غصے میں بلرام نے بیوی اور اپنے بچوں پر کلہاڑی سے تابڑ توڑ حملہ کر کے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس کے بعد وہ خود گھر سے فرار ہو گیا۔ صبح جب بلرام کے گھر کے دروازے نہیں کھلے تو پڑوسیوں نے دیکھا، جہاں گھر کے آنگن میں ماں اور دو بچوں کی خون آلود لاشیں پڑی تھیں۔ جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ دوسری طرف، ہفتہ کی صبح معلوم ہوا کہ شکار پور پھاٹک کے پاس جا کر بلرام نے بھی ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس ابھی موقع پر تفتیش کر رہی ہے۔ فی الحال پولیس اہل خانہ اور پڑوسیوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ تمام پہلووں کی باریکی سے جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے چاروں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مرینا بھیج دیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande