
کراکاس، 26 جون (ہ س)۔ وینزویلا میں بدھ کو آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے بعد صورتحال تشویشناک ہے۔ قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے جمعہ کو بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 589 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ 2,980 افراد زخمی ہیں۔ ہزاروں افراد کے لاپتہ ہونے کے خدشے کے درمیان راحت اور بچاو¿ کارروائیاں جنگی بنیادوں پر جاری ہیں۔
جمعرات کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے، روڈریگز نے کہا کہ ملبے میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ راحت اور بچاو¿ کی کوششیں بغیر کسی رکاوٹ کے چوبیس گھنٹے جاری رہیں گی اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کراکاس کے شمال میں واقع ساحلی ریاست لا گویرا سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ وہاں کم از کم 100 عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پورے خطے کو ’ڈیزاسٹر زون‘ قرار دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے اور خوراک، پینے کا پانی، ادویات اور دیگر ضروری امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ لاپتہ ہیں جس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کے اندازوں کے مطابق، تقریباً 67.6 لاکھ افراد اس آفت سے متاثر ہو سکتے ہیں، جن میں صرف دارالحکومت کراکاس میں رہنے والے تقریباً 20 لاکھ افراد شامل ہیں۔
زلزلے کے فوراً بعد مقامی باشندوں نے حکومتی امداد پہنچنے سے پہلے خودراحت کام شروع کر دیا۔ کئی مقامات پر لوگوں نے پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے اپنے ننگے ہاتھوں سے ملبہ صاف کیا۔ اس دوران ، بہت سے خاندان اب بھی اپنے لاپتہ پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں۔ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں خلل کے باعث بیرون ملک مقیم وینزویلا کے باشندوں کو بھی اپنے اہل خانہ سے رابطہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (او سی ایچ اے) نے اطلاع دی ہے کہ دنیا بھر میں 25 تلاش اور بچاو ٹیموں کے تقریباً ایک ہزار ماہرین کو وینزویلا میں تعینات کیا جا رہا ہے۔ اسپین، جرمنی، چلی، سوئٹزرلینڈ، ترکی، میکسیکو، ایل سلواڈور اور ڈومینیکن ریپبلک کی ٹیموں نے پہلے ہی راحت اور بچاو¿ کاکام شروع کر دیا ہے۔ بھارت، چین، برازیل، کینیڈا، قطر اور پرتگال سمیت کئی ممالک نے بھی انسانی امداد بھیجنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستان نے آج امدادی سامان سے لدے فضائیہ کے دو طیارے روانہ کئے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ فوری راحت اور امداد فراہم کر رہا ہے۔ تاہم، کراکاس کے مرکزی ہوائی اڈے کی بندش نے امدادی سامان اورراحتی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں تک پہنچانے میں لاجسٹک چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔
اس دوران ، قائم مقام صدر روڈریگز نے قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا اور تباہ شدہ اسپتالوں، عوامی عمارتوں اور گھروں کی تعمیر نو کے لیے 20 کروڑ ڈالر کے خصوصی امدادی فنڈ کا اعلان کیا۔ انہوں نے نجی کمپنیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری فراہم کریں۔
یو ایس جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق، بدھ کی شام کیریبین کے ساحل پر مورون کے قریب 7.2 اور 7.5 کی شدت کے دو طاقتور زلزلے درج کیے گئے تھے ۔ ماہرین کا خیال ہے کہ زلزلے کے مراکز کی کم گہرائی اور یکے بعد دیگرے شدید جھٹکوں کے نتیجے میں جان و مال کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی