
بھونیشور، 25 جون (ہ س)۔ اڈیشہ کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت میں، سابق آئی اے ایس افسر اور وی کے پانڈینکی اہلیہ سجاتاراوت کارتیکین نے بدھ کو بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) میں باضابطہ شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر پارٹی صدر اور سابق وزیر اعلی نوین پٹنائک موجود تھے۔
بی جے ڈی ہیڈکوارٹر شنکھ بھون میں منعقدہ رکنیت سازی کی تقریب میں پارٹی کے کئی سینئر لیڈران، سابق وزراء، ایم پی اور ایم ایل ایز نے شرکت کی۔
نوین پٹنائک نے سجاتا کارتیکین کا پارٹی میں خیرمقدم کیا اور باضابطہ طور پر ان کی رکنیت کا اعلان کیا۔ اس سے ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں کچھ قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سابق بیوروکریٹ کو بی جے ڈی میں شامل کرنے کا فیصلہ خود نوین پٹنائک نے کیا تھا۔
2006 بیچ کی آئی اے ایس افسر سجاتا کارتیکین نے اس سال سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے دیا۔ فعال سیاست میں ان کے داخلے نے بڑے پیمانے پر سیاسی بحث کو جنم دیا ہے، خاص طور پر جب سے ان کے شوہر وی کے۔ پانڈین، ایک سابق بیوروکریٹ سے سیاست دان بنے ہیں اور انہوں نے نوین پٹنائک حکومت کے آخری سالوں میں بی جے ڈی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
بی جے ڈی میں شامل ہونے کے بعد سجاتاکارتیکین نے نوین پٹنائک سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ انہیں ایک بار پھر اڈیشہ کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا، میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مجھے نوین پٹنائک جی کی قیادت میں کام کرنے اور پچھلے 24 سالوں سے اڈیشہ کے لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع ملا۔ آج، میں ایک بار پھر ان کی رہنمائی میں ریاست کے لیے کام کرنے کا موقع پا کر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں۔ بھگوان جگن ناتھ کی مہربانی اور بی جے ڈی کے لاکھوں کارکنوں کے آشیرواد سے، میں اڈیشہ کی خدمت پوری وفاداری اور عزم کے ساتھ جاری رکھوں گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی