


سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل، پولیس نے مقدمہ درج کر کے معاملے کی جانچ شروع کی
اجین، 25 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے اجین ضلع کے بڑ نگر میں محرم کے جلوس کے دوران ایک وین کو کرین سے 40 فٹ اوپر لٹکا کر اس میں دھماکہ کرنے کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد جمعرات کو پولیس نے مقدمہ درج کر کے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ کرین کے ذریعے زمین سے 40 فٹ اوپر ٹاٹا میجک وین لٹکائی گئی ہے۔ ہوا میں ہی وین میں دھماکہ ہو جاتا ہے۔ اس سے قبل وین کے اوپر منہ پر کپڑا لپیٹے ایک نوجوان سرخ جھنڈا لہرا رہا ہے۔ ایک اور نوجوان بھی وین کے اوپر کھڑا ہے۔
واقعہ 23 جون کی رات کا بتایا جا رہا ہے۔ بڑنگر کے اڈان محلے سے نکلے جلوس میں بڑی تعداد میں لوگ شامل تھے۔ اس جلوس میں ایک وین کو کرین کی مدد سے تقریباً 40 فٹ اونچائی پر لٹکایا گیا۔ وین پر دو نوجوان کھڑے ہو کر سرخ جھنڈے لہراتے رہے۔ اس کے بعد دھماکہ کر کے وین کو اڑا دیا گیا۔ جس وین میں بلاسٹ کیا گیا، اس پر ’’لے پھر آ گئے‘‘ لکھا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ایک دن پہلے یعنی بدھ کو ایک انسٹاگرام آئی ڈی ’پرویز ایڈٹس- 2.0‘ پر اس واقعے کے ویڈیو شیئر کیے گئے تھے۔ ویڈیو میں کار میں دھماکے کے علاوہ نوجوانوں کے الگ الگ مظاہرے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ کچھ ویڈیو میں الگ الگ طرح کے دھماکے نظر آتے ہیں۔ وہیں، حسینی اکھاڑہ شاہ جلال پورہ کے پروگرام میں بھی ایک نوجوان کو لٹکا کر کئی طرح کے مظاہرے کیے گئے۔
اس طرح کی حرکت کی ہندو نواز تنظیموں نے مذمت کی ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہری دوار کے سنت سوامی شیوانند گری نے اس پر اعتراض ظاہر کیا۔ ہندو جاگرن منچ کے رتیش ماہیشوری نے بتایا کہ محرم کے جلوس کے دوران ایک بڑی کرین پر ایک وین لٹکائی گئی تھی، جس پر کئی قابلِ اعتراض پوسٹر لگائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سکل ہندو سماج کا مطالبہ ہے کہ ضلع انتظامیہ واضح کرے کہ اس طرح کی سرگرمی کی اجازت دی گئی تھی یا نہیں۔ اس پورے واقعے سے متعلق کئی تصویریں اور ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ اس میں چار ملزمان کے خلاف نامزد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس میں کنوینر شعیب خان سمیت دیگر ملزمان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ وین پر جھنڈے لہرانے والے زاہد خان اور تسلیم پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی وین کے مالک کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔
بڑنگر تھانہ انچارج کملیش سنگار نے بتایا کہ معاملے کی جانچ جاری ہے۔ کنوینروں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ دھماکہ کس مواد سے کیا گیا اور اس کے لیے اجازت لی گئی تھی یا نہیں، اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ جانچ کے بعد جلد ہی ضروری کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن