
جموں, 24 جون (ہ س) بی جے پی جموں و کشمیر 25 جون کو پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں یومِ قتلِ آئین منائے گی۔ اس موقع پر 1975 کی ایمرجنسی کے دوران جمہوری اداروں، شہری آزادیوں اور بنیادی حقوق پر پڑنے والے اثرات کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔یہ بات بی جے پی کے سینئر رہنما ایڈوکیٹ چندر موہن شرما نے تریکوٹہ نگر میں واقع پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ 25 جون ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب 1975 میں اُس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کی تھی۔ ان کے مطابق یومِ قتلِ آئین منانے کا مقصد عوام کو اس دور کے واقعات اور جمہوری اقدار پر پڑنے والے اثرات سے روشناس کرانا ہے۔
چندر موہن شرما نے کہا کہ بی جے پی مختلف تقریبات کے ذریعے ایمرجنسی کے دوران شہری حقوق اور جمہوری اداروں کو پہنچنے والے نقصان کو عوام کے سامنے پیش کرے گی۔انہوں نے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتیہ جن سنگھ کے نظریاتی رہنما تھے اور جموں و کشمیر کے مکمل انضمام کے لیے انہوں نے عظیم قربانی دی۔اس سے قبل پارٹی ہیڈکوارٹر میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے یومِ شہادت کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج ترون چغ، جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر ست شرما سمیت دیگر رہنماؤں نے ڈاکٹر مکھرجی کی تصویر پر گلپوشی کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر