
جموں, 24 جون (ہ س)۔
جموں ضلع کے ارنیا تھانہ حدود میں واقع آلہ چوکی کے پنڈی کیمپ گاؤں میں ایک 28 سالہ شادی شدہ خاتون کی لاش گھر کے اندر پنکھے سے لٹکی ہوئی ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ متوفیہ کی شناخت سونیا دیوی زوجہ کمل جیت کے طور پر ہوئی ہے، جو دو بچوں کی ماں تھی۔
پولیس کے مطابق خاتون کے شوہر کمل جیت، جو ایک صنعتی ادارے میں ملازم ہے،نے بتایا کہ وہ دن کے وقت کھیت میں گیا ہوا تھا اور شام کو واپس لوٹا تو گھر کا دروازہ بند پایا۔ اندر داخل ہونے پر اس نے اپنی اہلیہ کو پنکھے سے لٹکا ہوا دیکھا، جس کے بعد محلہ والوں کو اطلاع دی گئی اور پولیس کو طلب کیا گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر سب ڈسٹرکٹ اسپتال بشنہ منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے لیے لاش مردہ خانے میں رکھ دی گئی۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور دیگر قانونی کارروائی جاری ہے۔ادھر متوفیہ کے میکے والوں، جو بشناہ کے کھیری گاؤں کے رہنے والے ہیں،اُنہوں نے اس واقعہ پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سونیا دیوی خودکشی نہیں کر سکتی تھی اور ان کے مطابق یہ قتل کا معاملہ ہو سکتا ہے۔پولیس نے اہل خانہ کو یقین دلایا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش کے بعد موت کی اصل وجوہات سامنے آ جائیں گی۔ فی الحال پولیس ہر زاویے سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر