
درگاہ انتظامیہ کی جانب سے جمعیة علماءہندکی خدمات کا اعتراف، صدر جمعیة علماءہندمولانا محمود اسعد مدنی نے ڈاکٹرو ں اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہااجمیر شریف، 23 جون(ہ س)۔ سلطان الہندحضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کی خصوصی زیارت (چھوٹا عرس، ماہِ محرم الحرام) کے موقع پر حسب ہدایت صدر جمعیة علماءہند مولانا محمود اسعد مدنی اجمیر شریف کائد وشرام استھلی میدان اجمیر میں چھ روزہ فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا جس میں دور دراز سے آنے والے زائرینِ خواجہ کو مفت طبی سہولیات اور ادویات فراہم کی گئیں۔
جمع جمعیة علماءہندضلع اجمیر شریف نگرانی میں یہ کیمپ یکم محرم الحرام 1448ھ مطابق 17 جون 2026 سے 6 محرم الحرام 1448ھ مطابق 22 جون 2026 تک مسلسل جاری رہا۔ ملک کے مختلف صوبوں اور دور افتادہ علاقوں سے آنے والے زائرین میں سے مجموعی طور پر 1415 مریضوں اور زائرین کا طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔شدید گرمی اور غیر معمولی ہجوم کے باوجود ڈاکٹروں، رضاکاروں اور منتظمین نے خلوص، ایثار اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے۔ اس طبی کیمپ میں ڈاکٹر سلیم احمد (کشن گڑھ)، ڈاکٹر عبدالواجد (اونترا)، ڈاکٹر عبدالقادر (اونترا)،ڈاکٹر رام گری (کشن گڑھ) اور نجمہ بانو (اسسٹنٹ) نے اپنی گراں قدر طبی خدمات پیش کیں۔مرکزی دفتر جمعیة علماءہند کی جانب سے مولانا علیم الدین اجمیری اور مولانا محمد کامل میرٹھی بطور مشاہد اور قاری قمر الدین خاں صدر جمعیة علماءاجمیر شریف سمیت ضلع جمعیة کے کارکنان بطور معاون کیمپ کی نگرانی اور انتظامی امور کی انجام دہی میں شریک رہے، جب کہ ناظم عمومی جمعیة علماءہندمولانا محمد حکیم الدین قاسمی اس دوران منتظمین کے ساتھ رابطے میں رہے۔زائرین نے جمعیة علماءہند کی اس خدمت کو بے حد سراہا اور کہا کہ عرس کے دوران لاکھوں عقیدت مندوں کی آمد کے پیش نظر یہ طبی سہولت نہایت مفید، ضروری اور وقت کی اہم ضرورت ثابت ہوئی۔
واضح رہے کہ جمعیة علماءہند 1970 سے عرسِ خواجہ غریب نوازکے موقع پر رفاہی اور طبی خدمات انجام دیتی آرہی ہے۔ اگرچہ بعض وجوہات کی بنا پر درمیان میں یہ سلسلہ متاثر بھی ہوا، لیکن خدمتِ خلق کے اسی دیرینہ جذبے کے تحت اسے دوبارہ بحال کیا گیا۔ جمعیة علماءہند کے بیشتر اکابر کا روحانی سلسلہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری? سے وابستہ رہا ہے اور ان کے افکار و تعلیمات سے خصوصی مناسبت پائی جاتی ہے۔حضرت خواجہ غریب نوازکا یہ ارشاد کہ ”طریقت اور تصوف خدا کی محبت اور اس کے بندوں کی خدمت کے دو عناصر سے وجود میں آتے ہیں، اور اسی کا نام ولایت ہے“ دراصل اسی روحانی اور انسانی فکر کا ترجمان ہے جسے جمعیة علماءہند کے اکابر نے اپنی زندگیوں، کردار اور عملی خدمات کے ذریعے زندہ رکھا ہے۔کیمپ کے اختتام پر درگاہ خواجہ غریب نواز اجمیر شریف کی انتظامیہ اور درگاہ کمیٹی کی جانب سے جمعیة علماءاجمیر شریف کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ درگاہ خواجہ صاحب کے ناظم و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد بلال خان نے جمعیة علماءکی پوری ٹیم کو اعزازی سند اور توصیفی مکتوب پیش کرتے ہوئے ان کی طبی، سماجی اور رفاہی خدمات کو قابلِ تقلید قرار دیا۔ اس مکتوب میں زائرین کی خدمت، طبی امداد اور انتظامی تعاون کے سلسلے میں جمعیة علماءکی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر صدر جمعیة علماءہندمولانا محمود اسعد مدنی نے ڈاکٹروں، رضاکاروں، منتظمین اور تمام معاونین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خدمتِ خلق جمعیة علماءہند کی زندہ روایت ہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ محدود وسائل اور مختصر وقت کے باوجود زائرینِ خواجہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی جذبہ خدمت اور انسان دوستی کے ساتھ ایسے رفاہی پروگرام جاری رہیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan