
برن، 20 جون (ہ س)۔ سوئٹزرلینڈ میں بڑھتے ہوئے یہودی مخالف واقعات کے تناظر میں حکومت نے عوامی مقامات پر ہٹلر سلیوٹ اور دیگر نازی علامات کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کے لیے ایک نیا قانون تجویز کیا ہے۔ جمعہ کے روز پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے اس سے متعلق بل میں ایسی علامات کے عوامی استعمال، نمائش اور تشہیر پر پابندی کے ساتھ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
سوئس براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ایس آر جی) ایس ایس آر کی شاخ ایس ڈبلیو آئی سوئس انفو ڈاٹ سی ایچ اور دیگر ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق حکومت نے جمعہ کو پارلیمان میں نازی علامات سے متعلق ایک نئے خصوصی قانون پر اپنی رپورٹ پیش کی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نازی علامات ایسی نظریاتی سوچ کی نمائندگی کرتی ہیں جو انسانی جان کی حرمت کو نظر انداز کرتی ہے اور جمہوری و آزاد معاشرے کی بنیادی اقدار کے منافی ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ نسل پرستی اور یہودیوں کے خلاف نفرت کو معاشرے میں کسی بھی شکل میں قبول نہیں کیا جا سکتا۔
یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں یہود مخالف واقعات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ موجودہ قوانین اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ موجودہ سوئس قانون کے تحت صرف ان افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے جو نازی یا دیگر انتہا پسند علامات کو تشہیر و پروپیگنڈے کے مقصد سے استعمال کرتے ہیں، جبکہ بغیر تشہیری مقصد کے ایسی علامات کی نمائش کرنے والوں کو سزا نہیں دی جا سکتی۔
مجوزہ قانون میں نازی علامات، جن میں جھنڈے، بیجز، نشانات، اشارے، نعرے اور سلام شامل ہیں، کے استعمال، انہیں پہننے، دکھانے یا عوامی طور پر پھیلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان علامات کی مختلف شکلوں یا ایسی اشیاء پر بھی پابندی ہوگی جو ان علامات یا ان کی شکلوں کو ظاہر کرتی ہوں یا اپنے اندر شامل کرتی ہوں، جیسے مضامین، آڈیو یا ویڈیو ریکارڈنگز اور تصاویر۔
تجویز کے مطابق اگر کوئی شخص اس پابندی کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا تو اس پر 200 سوئس فرانک (250 امریکی ڈالر) جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس قانون میں بعض استثنات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ تعلیمی، سائنسی، فنی، صحافتی اور علمی مقاصد کے لیے نازی علامات کے استعمال کی اجازت ہوگی۔ اگرچہ اس بل پر ووٹنگ کی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی، تاہم اس کے منظور ہونے کے امکانات مضبوط سمجھے جا رہے ہیں، کیونکہ سوئس پارلیمان نے 2024 میں حکومت کو ایسا قانون تیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد