
ماسکو، 20 جون (ہ س)۔
امریکہ، قطر کے ساتھ مل کر ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں کو انسانی بنیادوں پر اخراجات کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کر رہا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل نے ہفتے کے روز ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ امریکہ قطر کے ساتھ ایک ایسے منصوبے پر کام کر رہا ہے جس کے تحت ایران کو 6 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے (فنڈز) انسانی بنیادوں پر خرچ کرنے کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کو ایران کے لیے حتمی تصفیے میں امریکہ کے ساتھ جامع معاہدے تک پہنچنے کی ترغیب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل نے کہا کہ مجوزہ انتظام کے تحت قطر میں اس وقت منجمد فنڈز خوراک، ادویات اور دیگر انسانی امداد کی خریداری کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ یہ نقطہ نظر دیگر ضبط شدہ ایرانی اثاثوں کے حوالے سے مستقبل میں مراعات کی بنیاد کے طور پر کام کر سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایران نے ابھی تک اس تجویز پر اتفاق نہیں کیا ہے۔
گزشتہ14 جون کو، ایران اور امریکہ نے تصدیق کی کہ مفاہمت کی یادداشت مکمل ہو گئی ہے۔ 18 جون کی رات کو، دونوں ممالک نے دور سے اس دستاویز پر دستخط کیے، جس سے 28 فروری کو شروع ہونے والے فوجی تنازعے کو ختم کرنے کا انتظام ہے۔ یہ مفاہمت یادداشت دونوں ممالک کو ایرانی جوہری معاملے اور امریکی پابندیوں پر حتمی معاہدے پر بات چیت کے لیے 60 دن کا وقت دیتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ امریکہ کے لیے اپنی بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے ایران کو جہاز رانی بحال کرنے کی آخری تاریخ بھی طے کرتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ