ریاستی حکومت نیٹ امتحان کے شفاف انعقاد کے لیے مرکز کے مسلسل رابطے میں ہے: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو
ڈاکٹر یادونے سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی کاٹجو کے یومِ پیدائش پر گلہائے عقیدت نذر کیے بھوپال، 17 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ نیٹ امتحان کے بلا رکاوٹ انعقاد کے لیے ریاستی حکومت مسلسل مرکزی حکومت کے رابطہ میں ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی کاٹجو کے یومِ پیدائش پر اسمبلی میں ان کے تصویر پر گلہائے عقیدت نذر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ موہن یادو


ڈاکٹر یادونے سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی کاٹجو کے یومِ پیدائش پر گلہائے عقیدت نذر کیے

بھوپال، 17 جون (ہ س)۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ نیٹ امتحان کے بلا رکاوٹ انعقاد کے لیے ریاستی حکومت مسلسل مرکزی حکومت کے رابطہ میں ہے۔ امتحان کے آسان اور شفاف انعقاد کے لیے تمام انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ وسیع تیاریوں کے ساتھ رول نمبر ویریفیکیشن بھی یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو بدھ کے روز اسمبلی کیمپس میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس سے پہلے انہوں نے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی کیلاش ناتھ کاٹجو کے 139 ویں یومِ پیدائش پر اسمبلی میں واقع سینٹرل ہال میں انہیں گلہائے عقیدت نذر کئے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی کاٹجو کی پیدائش رتلام ضلع کی جاورا تحصیل میں ہوئی تھی۔ انہوں نے سال 1957 سے 1962 تک ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر ذمہ داریوں کو نبھایا۔ اس کے بعد مرکزی سطح پر دفاع، قانون سمیت کئی وزارتوں کا کام کاج بھی سنبھالا۔ آنجہانی کاٹجو مختلف ریاستوں کے گورنر بھی رہے۔ ملک کی آزادی سے پہلے بھی انہوں نے مجاہدِ آزادی کے طور پر اپنی صلاحیت اور لیاقت سے آزادی کے لیے جدوجہد کی۔ وزیر اعلیٰ کے طور پر مدھیہ پردیش کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ آنجہانی کاٹجو، سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے اہم معاون بھی رہے۔ آنجہانی کاٹجو نے کئی خود مختار اداروں کو مستحکم کر کے آگے بڑھایا۔ ریاست کی ترقی میں اپنی دور اندیش قیادت، بہترین انتظامی صلاحیت اور عوامی خدمت کے تئیں لگن سے انہوں نے ریاست اور ملک کی ترقی میں اہم تعاون دیا۔ سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی کاٹجو کے مقتدر اصول، خیالات اور ان کا ملک کی خدمت کا جذبہ ہمیں ہمیشہ عوامی مفاد اور فلاح و بہبود کے کاموں کے لیے راغب کرتا رہے گا۔

اس دوران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے نیٹ کے تمام امیدواروں کو دوبارہ امتحان کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ امتحان کے لیے شہروں میں اضافی فورس تعینات کی گئی ہے۔ امتحان کے مراکز پر ریفریشمنٹ سینٹر شروع کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ ریاستی حکومت امیدواروں اور سرپرستوں کی آمد و رفت کے لیے اندور، بھوپال سمیت نیٹ کے زیادہ امتحان مراکز والے شہروں میں اضافی بسیں چلا رہی ہے۔ امتحان مراکز پر پینے کے پانی اور دیگر سہولیات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ امیدواروں اور سرپرستوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اسے یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande