
وڈودرہ، 17 جون (ہ س)۔
گجرات کے وڈودرہ میں کوٹمبی اسٹیڈیم کے قریب بدھ کی صبح تقریباً 4 بجے ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ راجستھان کے بانسواڑہ سے سورت جانے والی ایک بس سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 7 افراد ہلاک جب کہ 26 مسافر زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو وڈودرہ کے ایس ایس جی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
حادثے کے بعد کئی مسافر بس میں پھنس گئے۔ اطلاع ملنے پر اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، وڈودرہ فائر ڈپارٹمنٹ، پولیس اور دیگر بچاو¿ ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور جنگی بنیادوں پر راحت اور بچاو¿ کام شروع کیا۔
این ڈی آر ایف کی 6ویں بٹالین کے کمانڈنٹ سریندر سنگھ نے بتایا کہ کنٹرول روم کو صبح 4:40 بجے بس اور ٹرک کے تصادم کی اطلاع ملی جس کے بعد این ڈی آر ایف کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی۔ جائے وقوعہ پر پہنچ کر بس کے اندر پھنسے مسافروں کو نکال کر کٹر مشینوں اور دیگر جدید آلات کا استعمال کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
وڈودرہ کے ڈپٹی میئر آدتیہ پٹیل نے بتایا کہ حادثہ صبح چار بجے کے قریب پیش آیا جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور میڈیکل ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ معمولی زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ شدید زخمیوں کو ایس ایس جی اسپتال لے جایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 26 شدید زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ ایک مریض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور اسے آئی سی یو میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
اس حادثے میں جان گنوانے والے مسافروں میں ونود نریش دامور (30)، مکیش جیواجی ڈنڈور (34)، پریت ہتیش بھاٹیہ (9)، مہندر کمار بھوگیلال پنڈیا (68)، پنکی بھاٹیہ (36) اور ہرجنگ بھائی والجی بھائی کٹارا (30) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک کی شناخت نہیں ہو سکی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ