
نئی دہلی، 17 جون (ہ س)۔ دہلی حکومت 22 جون سے ایک پیڑ ماں کے نام: دہلی میگا ٹری پلانٹیشن مہم شروع کرنے جا رہی ہے جس کا مقصد قومی راجدھانی کے علاقے میں سبزہ کو بڑھانا اور ماحولیاتی تحفظ کو ایک عوامی تحریک کی شکل دینا ہے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 70 لاکھ پودے لگانے کے ہدف کے ساتھ یہ پہل دہلی کے سبز احاطہ کو بڑھانے، آلودگی پر قابو پانے کی کوششوں کو مضبوط بنانے اور آنے والی نسلوں کے لیے صاف اور صحت مند ماحول کو یقینی بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
دہلی حکومت اس مہم کے تحت پودے فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ اس عوامی شراکت پر مبنی پہل میں ماحولیاتی نگرانوں کے طور پر شامل ہوں اور ہرے بھرے دہلی کے قیام میں اپنا تعاون دیں۔
اس مہم کے تحت 'ای فاریسٹ گرین ڈرائیو پورٹل' شروع کیا جائے گا، جس کے ذریعے شہری محض اپنا موبائل نمبر، نام اور پتہ درج کرکے رجسٹریشن کر سکیں گے۔ رجسٹر کرنے والوں کو ایک مفت پودا، درخت لگانے کے لیے سلاٹ بک کرنے کی سہولت، جیو ٹیگ شدہ تصاویر اپ لوڈ کرنے کا آپشن اور 'گرین واریر ای سرٹیفکیٹ' فراہم کیا جائے گا۔ اس مہم کے تحت بیداری مہم کے دوران 4 جولائی تک 'ورکشا رتھ' کے ذریعے مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پروگراموں کی لائیو اسٹریمنگ اور ڈیجیٹل شرکت کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مہم سے جوڑا جائے گا۔
مہم کا دوسرا مرحلہ جولائی کے پہلے ہفتے میں شروع ہوگا۔ اس مدت کے دوران، دہلی حکومت 2.5 لاکھ درخت لگا کر میگا رج پلانٹیشن ڈرائیو کا انعقاد کرے گی۔ پی بی جی گراونڈ، سنٹرل رج، ساوتھ سنٹرل رج، نانک پورہ رج اور دیگر رج کے علاقوں میں درخت لگانے کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
تیسرے مرحلے میں جولائی کے وسط میں میگا پلانٹیشن پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ دارالحکومت میں بیک وقت 51 مقامات پر درخت لگائے جائیں گے، جس میں تقریباً 11,000 افراد کی شرکت کا ہدف ہے۔ روہنی میں گولڈن جوبلی پارک اس مہم کا اہم مرکز ہوگا۔
دہلی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ' ایکپیڑماں کے نام ' اور ' ایک پیڑ دہلی کے سبز احاطہ کے نام پر' لگائیں اور بڑی تعداد میں اس مہم میں شامل ہوں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی