
نئی دہلی، 13 جون (ہ س)۔ یوگا کے بین الاقوامی دن سے پہلے آیوش کی وزارت عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے اتوار کو ایک آن لائن یوگا سیشن کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ اس تقریب کا اہتمام آیوش کی وزارت اور ہبلڈ ہیلتھ ٹیک کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب کا انعقاد بیک وقت سب سے بڑے آن لائن یوگا سیشن کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ تقریب میں شرکت کرنے میں دلچسپی رکھنے والے لوگ 1800-315-7008پر مسڈ کال دے کر اندراج کر سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے بعد، شرکاءکو واٹس ایپ کے ذریعے آن لائن سیشن کا لنک بھیجا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی وزارت نے ویب سائٹ کا لنک بھی جاری کیا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں سے شرکت کی اپیل کی۔
سنیچر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں آیوش کے وزیر پرتاپ راو¿ جادھو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں آیوش کی وزارت اور مرارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا مل کر ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں۔ وہ آن لائن یوگا سیشن میں بیک وقت حصہ لینے والے لوگوں کی سب سے بڑی تعداد کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈ کی اس کوشش کا حصہ ہوں گے۔
صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا کے موضوع کے تحت یہ تاریخی تقریب 14 جون کوصبح 6.15 بجے سے شام 7.35 بجے تک ہوگی۔ انہوں نے تمام ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر عالمی صحت اور تندرستی کے لیے یوگا کریں۔
شرکت کے لیے http://moa.habit.yoga پر رجسٹر کرنے کی اپیل کی۔
یاد رہے کہ آج یوگا کا بین الاقوامی دن 2026 منانے کے لیے آیوش کی وزارت کی گنگوتری سے گنگا ساگر سیریز کے تحت گنگوتری دھام میں ایک خصوصی یوگا سیشن کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔ مقدس گنگا کے کنارے یوگا اور مراقبہ کا یہ سنگم بے پناہ سکون اور توانائی سے بھرپور تھا۔
یہ روحانی تقریب مرارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا کے زیراہتمام اور سنسکار یوگ شالہ کے تعاون سے منعقد کی گئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی