
نئی دہلی، 13 جون(ہ س)۔ ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈیگو جیور کے نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 15 جون سے تجارتی پروازیں شروع کرے گی۔ شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو پیر کو پہلی پرواز کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔سرکاری ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈہ 15, جون کو تجارتی پروازیں شروع کرے گا۔ انڈیگو پہلی پرواز چلائے گی۔ ایئر لائن کی پہلی پرواز لکھنو سے نوئیڈا ہوائی اڈے کے لیے ہوگی، جو صبح 7 بج کر 5 منٹ پر لکھنو¿ سے اڑان بھرے گی اور شام 8 بج کر 5 منٹ پر نوئیڈا پہنچے گی۔ اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع کے جیور میں واقع ہوائی اڈہ اب دہلی-این سی آر کا دوسرا بین الاقوامی گیٹ وے بن جائے گا۔
پہلی پروازیں اور ابتدائی روٹ نیٹ ورک
انڈیگو ایئر لائن کی پہلی تجارتی پرواز لکھنو سے نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے تک چلے گی، یہ صبح 7 بج کر 5 منٹ پر روانہ ہوگی اور صبح 8 بج کر 5 منٹ پر پہنچے گی۔ بنگلورو کے لیے پروازیں 16 جون سے شروع ہوں گی۔ اس کے بعد جولائی 2026 سے نوی ممبئی، بھوپال، دہرادون، جودھ پور اور بریلی کے لیے خدمات فراہم کی جائیں گی۔انڈیگو اپنی خدمات شروع کرنے والا پہلا ادارہ ہوگا اور بعد کے مراحل میں، اکاسا ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس بھی اپنی خدمات شروع کریں گے، جس سے اہم گھریلو راستوں پر رابطہ بڑھے گا۔ ہوائی اڈہ آنے والے ہفتوں میں 16 سے زیادہ گھریلو روٹوں کا اضافہ کرے گا۔ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پہلے مرحلے کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے 28 مارچ کو کیاتھا۔
مسافروں کے لیے جدید تجربہ اور سہولیات
ہوائی اڈے کو مسافروں کے آرام اور ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ سہولیات میں سیلف چیک ان کیوسک، ڈیجی یاترا سسٹم کے تحت بائیو میٹرک بورڈنگ، خودکار سامان ڈراپ کاونٹر اور زیادہ تر بغیر کاغذ کے سفر کے عمل شامل ہیں جن کا مقصد ہجوم اور انتظار کے اوقات کو کم کرنا ہے۔
دہلی-این سی آر رابطے کو بڑا فرو غ
حکمت عملی کے لحاظ سے یہ ہوائی اڈہ نوئیڈا سے تقریبا 40 کلومیٹر، گریٹر نوئیڈا سے 28 کلومیٹر اور نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تقریبا 72 کلومیٹر دور ہے۔ توقع ہے کہ اس مقام سے مغربی اتر پردیش اور این سی آر خطے میں لاکھوں مسافروں کے سفر کے وقت میں نمایاں کمی آئے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی