
فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے گئی پولیس ٹیم پر حملہ
ارریہ، 13 جون (ہ س)۔ فاربس گنج کے رام پور شمال پنچایت کے وارڈ نمبر 11 میں گزشتہ رات 2019 کے کیس نمبر 407 کے ملزم محمد معید کو گرفتار کرنے گئی پولیس ٹیم پر ہجوم نے حملہ کر دیا اور گرفتار محمد معید کو پولیس کی گرفت سے چھڑا کر بھگا دیا۔ پولیس پر کیے گئے حملے میں تین سب انسپکٹروں سمیت کل پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ جن کا علاج فاربس گنج سب ڈویژنل اسپتال اور صدر اسپتال میں کرایا گیا۔ پولیس پر حملے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد فاربس گنج کے ایس ڈی پی او راج کمار نے موقع پر پہنچ کر پولیس پر حملہ کرنے والوں کی شناخت کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اس معاملے میں فاربس گنج تھانے میں ڈیڑھ درجن نامزد اور 100 نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ واقعے کی جانکاری فاربس گنج تھانے کے قائم مقام تھانہ انچارج و ایڈیشنل تھانہ انچارج ستیندر کمار گپتا نے دی۔ معاملے کے بارے میں بتایا گیا کہ 2019 کے کیس نمبر 2019/407 کے اقدامِ قتل کی دفعہ 307 کے فرار ملزم، رام پور شمال وارڈ نمبر 11 کے رہائشی محمد معید ولد محمد مستقیم کو گرفتار کرنے کے لیے دیر رات پولیس ٹیم گئی تھی۔ پولیس ٹیم نے اس دوران ملزم کو گھر کے سامنے بنی دکان سے گرفتار کر لیا۔ لیکن اچانک درجنوں کی تعداد میں ان کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا۔ جس میں فاربس گنج تھانے کے سب انسپکٹر آلوک مشرا، امت راج، وجئے کمار سمیت دو پولیس جوان زخمی ہو گئے۔ حملے میں بہار ہوم گارڈ کے جوان رام دیو سنگھ اور ہری موہن ساہ بری طرح زخمی ہو گئے۔ ہجوم پولیس ٹیم پر حملہ کر کے گرفتار ملزم محمد معید کو پولیس کی حراست سے چھڑا کر فرار ہوگیا۔
پولیس ٹیم پر حملے کی اطلاع کے بعد فاربس گنج کے ایس ڈی پی او راج کمار، فاربس گنج تھانے کے قائم مقام ایڈیشنل تھانہ انچارج ستیندر کمار گپتا سمیت دیگر پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور حملہ آوروں کی شناخت کرتے ہوئے دو کو گرفتار کر لیا۔ پولیس پر حملے کے الزام میں گرفتار دونوں ملزمان میں رام پور شمال وارڈ نمبر 11 کا محمد شاہد ولد حاجی لطیف اور دوسرا شاہنواز ولد محمد ستار ہے۔
معاملے کو لے کر فاربس گنج کے ایس ڈی پی او راج کمار نے بتایا کہ دیگر نامزد حملہ آوروں کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ جلد ہی نامعلوم افراد کی شناخت کر کے انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن