
تاریخ کے آئینے میں 11 جون : عظیم مجاہد آزادی رام پرساد بسمل کا یومِ پیدائش، جن کے قلم اور انقلاب نے آزادی کی شمع روشن کی
ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی کی تاریخ میں 11 جون کے دن کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ اسی دن سال 1897 میں اتر پردیش کے شاہجہاں پور میں عظیم مجاہد آزادی رام پرساد بسمل کی پیدائش ہوئی تھی۔ وہ ان صفِ اول کے مجاہدینِ آزادی میں شامل تھے جنہوں نے برطانوی حکومت کے خلاف مسلح انقلاب کا بگل پھونکا اور نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار کیا۔
رام پرساد بسمل کا بچپن ایسے دور میں گزرا جب ملک میں انگریزی حکومت کے خلاف بے چینی تیزی سے بڑھ رہی تھی۔ نوجوانوں کی عمر میں ہی انہوں نے تحریکِ آزادی کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ وہ انقلابی تنظیم ’ہندوستان رپبلکن ایسوسی ایشن‘ کے بانیوں میں سے ایک تھے اور ملک کو برطانوی حکومت سے آزاد کرانے کے لیے منظم کوششوں میں سرگرم کردار ادا کیا۔
بسمل کا تعلق اس دور کے کئی مشہور مجاہدین آزادی سے تھا، جن میں اشفاق اللہ خان، چندر شیکھر آزاد، بھگت سنگھ، شیورام راجگرو، سکھ دیو تھاپر اور روشن سنگھ جیسے نام شامل ہیں۔ ان مجاہدین آزادی نے مل کر برطانوی حکومت کو چیلنج کرنے کے لیے کئی جرات مندانہ اقدامات کیے۔
تحریکِ آزادی کے سب سے مشہور واقعات میں سے ایک، کاکوری کیس میں رام پرساد بسمل کا اہم کردار رہا۔ 9 اگست 1925 کو مجاہدین آزادی نے سرکاری خزانہ لے جا رہی ٹرین کو کاکوری کے پاس روک کر دولت ضبط کی تھی۔ اس کارروائی کا مقصد انقلابی سرگرمیوں کے لیے وسائل جمع کرنا اور برطانوی حکومت کو چیلنج کرنا تھا۔ اس واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریاں ہوئیں اور ایک طویل عدالتی عمل چلا۔
رام پرساد بسمل صرف ایک انقلابی ہی نہیں، بلکہ ایک حساس شاعر اور مصنف بھی تھے۔ ان کی تحریروں نے نوجوانوں میں حب الوطنی اور قربانی کے جذبے کو مضبوط کیا۔ ان کی تحریریں آج بھی جدوجہدِ آزادی کا ایک متاثر کن ورثہ مانی جاتی ہیں۔
کاکوری معاملے میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد رام پرساد بسمل، اشفاق اللہ خان اور راجیندر ناتھ لاہڑی سمیت کئی انقلابیوں کو سزائے موت سنائی گئی۔ 19 دسمبر 1927 کو محض 30 برس کی عمر میں رام پرساد بسمل نے ہنستے ہنستے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔
دیگر اہم واقعات
1866 - الٰہ آباد ہائی کورٹ کا قیام عمل میں آیا۔ اسے پہلے آگرہ ہائی کورٹ کے نام سے جانا جاتا تھا۔
1921 - برازیل میں خواتین کو انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق ملا۔
1935 - ایڈون آرمسٹرانگ نے پہلی بار ایف ایم کی نشریات پیش کیں۔
1940 - یورپی ملک اٹلی نے اتحادی ممالک کے خلاف جنگ کا اعلان کیا۔
1947 - ہندوستان کے سابق 17 ویں چیف الیکشن کمشنر شاہد الدین یعقوب قریشی کی پیدائش۔
1948 - ہندوستانی سیاست داں اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی پیدائش۔
1955 - پہلے میگنیشیم جیٹ ہوائی جہاز نے اڑان بھری۔
1964 - ہندوستان کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کی وصیت کے مطابق ان کی استھیوں کی راکھ پورے ملک میں بکھری گئی۔
1987 - 160 سالوں میں پہلی بار مارگریٹ تھیچر لگاتار تیسری بار برطانوی وزیراعظم بنیں۔
2001 - امریکہ کے اوکلاہوما شہر میں 1995 میں ایک وفاقی عمارت پر بم پھینکنے والے ٹموتھی میک ویگ کو سزائے موت دی گئی۔
2003 - کورنیکووا کو ٹینس کی سب سے خوبصورت خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا۔
2008 - برہموس سپرسونک میزائل کو ہندوستانی فضائیہ میں شامل کیا گیا۔
2008 - اتر پردیش کی وزیر اعلیٰ مایاوتی نے جمنا نشاد کی جگہ دھرم راج نشاد کو کابینہ میں شامل کیا۔
2008 - کرپشن کے الزام میں جیل میں بند بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ رہا ہوئیں۔
2010 - افریقہ نے 19 ویں فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کی ميزبانی کی۔ یہ پہلا موقع تھا جب برِاعظم افریقہ میں اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن