اپ ڈیٹ... دہلی کے وویک وہار آتشزدگی معاملے میں 9مہلوکین کی شناخت، ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل
نئی دہلی، 3 مئی (ہ س)۔ قومی دارالحکومت کے وویک وہار فیز 1 میں واقع ایک چار منزلہ رہائشی عمارت میں اتوار کی صبح شدید آگ لگ گئی۔ اس واقعہ میں نو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دیگر شخص شدید طور پر جھلس گیا۔ آتشزدگی کے اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے نوافراد ک
Vivek-Vihar-Fire-Nine-Dead-


نئی دہلی، 3 مئی (ہ س)۔ قومی دارالحکومت کے وویک وہار فیز 1 میں واقع ایک چار منزلہ رہائشی عمارت میں اتوار کی صبح شدید آگ لگ گئی۔ اس واقعہ میں نو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دیگر شخص شدید طور پر جھلس گیا۔ آتشزدگی کے اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے نوافراد کی شناخت کر لی گئی ہے۔ اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زندہ جل گئے۔

پولیس کے مطابق ،دوسری منزل پرپیچھے والے فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت اروند جین (60)، ان کی بیوی انیتا جین (58)، بیٹا نشانت جین (35)، بہو آنچل جین (33) اور ڈیڑھ سالہ پوتے ماسٹر آکاش جین کے طور پر ہوئی ہے۔ شیکھا جین (45) کی لاش پہلی منزل سے برآمد ہوئی۔ تیسری منزل سے ایک اور خاندان کے تین افراد کی لاشیںبرآمد ہوئیں، جن کی شناخت نتن جین (50)، ان کی بیوی شیلی جین (48) اور بیٹے سمیک جین (25) کے طور پر ہوئی ہے۔ نوین جین (48) جو اس حادثے میں جھلس کر زخمی ہوئے تھے، کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی حالت کے بارے میں فی الحال تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق، وویک وہار پولیس اسٹیشن کو صبح تقریباً 3:48 بجے آگ لگنے کے بارے میں پی سی آر کال موصول ہوئی۔ کال موصول ہونے کے بعد پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں، دیگر ٹیموں کے ساتھ، فوری طور پر جائے وقوعہ (مکان نمبربی -13، وویک وہار فیز-1)پر پہنچیں ۔ دوسری، تیسری اور چوتھی منزل پر آگ کے شعلے بلند ہو رہے تھے۔ فائر فائٹرز اور پولیس نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کیا، آگ میں پھنسے تقریباً 10-15 لوگوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔

آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں کو طلب کیا گیا۔ آگ بجھا دی گئی ہے۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے ترجمان اے کے ملک کے مطابق اس واقعے میں نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ آگ عمارت کے چھ فلیٹوں میں رکھی گھریلو اشیاءسے پھیلی۔ ریسکیو آپریشن کے دوران مختلف منزلوں سے نو جلی ہوئی لاشیں نکال لی گئیں۔

ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ یا دیگر تکنیکی وجوہات کی وجہ سے لگی ہو سکتی ہے۔ اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تفصیلی تفتیش جاری ہے۔ پولیس عمارت کے فائر سیفٹی سسٹم، باہر نکلنے کے راستوں اور تعمیراتی معیارات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ حادثے کے بعد پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande