
حیدرآباد ، 3 مئی (ہ س)۔ تلنگانہ کے ضلع کریم نگرمیں اتوار کو ایک جیولری شو روم میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ پولیس کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے پانچ نامعلوم مسلح افراد پی ایم جے جویلری میں گاہک بن کر داخل ہوئے اور اندرپہنچتے ہی اسلحہ نکال کرعملے کویرغمال بنا لیا۔ مزاحمت پر حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شو روم کے تین ملازمین زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طورپرقریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں سے بعض کو بہترعلاج کے لیے دیگرہاسپٹلوں میں ریفرکیا گیا۔ ملزم بڑی مقدارمیں سونے کے زیورات لوٹ کرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی،علاقے کو گھیرے میں لے لیا اورفارنسک ٹیموں کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔ پورے ضلع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور شہرسے باہر جانے والے تمام راستوں پرناکہ بندی کرکے تلاشی مہم چلائی جارہی ہے۔ پولیس ملزمان تک پہنچنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور یہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں کہ آیا اس واردات میں ملوث افراد کسی بین ریاستی گینگ کا حصہ ہیں یا مقامی مجرم ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق