آئی پی ایل میچز کے دوران موبائل چوری میں ملوث بین ریاستی گینگ کا پردہ فاش، 15 مہنگے فون برآمد
نئی دہلی، 29 مئی (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے ایک بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے جو آئی پی ایل میچوں کے دوران تماشائیوں کے ہجوم کا فائدہ اٹھا کر مہنگے موبائل فون چوری کر رہا تھا۔ پولیس نے سنگھو بارڈر کے قریب کارروائی کے دوران گینگ کے چ
آئی پی ایل میچز کے دوران موبائل چوری میں ملوث بین ریاستی گینگ کا پردہ فاش، 15 مہنگے فون برآمد


نئی دہلی، 29 مئی (ہ س)۔

دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے ایک بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے جو آئی پی ایل میچوں کے دوران تماشائیوں کے ہجوم کا فائدہ اٹھا کر مہنگے موبائل فون چوری کر رہا تھا۔ پولیس نے سنگھو بارڈر کے قریب کارروائی کے دوران گینگ کے چار ارکان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے نو آئی فونز سمیت پندرہ ہائی اینڈ موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں برآمد شدہ موبائل فونز کو دھرم شالہ اور موہالی میں منعقدہ حالیہ آئی پی ایل میچوں کے دوران ہونے والی چوری سے جوڑا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) سنجیو یادو نے جمعہ کو کہا کہ پولیس ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ آئی پی ایل میچوں کے دوران چوری میں ملوث ایک گروہ ہماچل پردیش اور پنجاب سے دہلی واپس آرہا ہے۔ معلومات کی بنیاد پر 27 اور 28 مئی کی درمیانی شب سنگھو بارڈر پر ایم سی ڈی ٹول کے قریب جال بچھا دیا گیا تھا۔ ایک کمرشل کار کو روک کر تلاشی لی گئی اور چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

گرفتار ملزمین کی شناخت سنگم وہار کے رہنے والے ارباز، فرید آباد کے رہنے والے نوین عرف نکو، دریاگنج کے رہنے والے ہیمراج عرف پوچی اور صدر بازار کے رہنے والے عبدالمغنی عرف شیز کے بطور ہوئی ہے۔ تلاشی کے دوران ان کے پاس سے نو آئی فون، چار سیم سنگ فون، ایک اوپو اور ایک ون پلس فون برآمد ہوا۔

پوچھ گچھ کے دوران، ملزمین نے انکشاف کیا کہ وہ ایک منظم گینگ کے رکن ہیں اور ملک بھر میں آئی پی ایل میچوں اور دیگر اہم ایونٹس میں تماشائیوں کو نشانہ بناتے تھے۔ انہوں نے ہجوم، شور اور میچ کے جوش و خروش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مہنگے موبائل فون چوری کر لیے۔ جرم کے فوراً بعد ملزم دہلی واپس آجاتے اور ملک گنج علاقے کے کامل اور عادل نامی لوگوں کو چوری شدہ موبائل فون فروخت کرتے۔

پولیس کی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ برآمد کیے گئے 15 موبائل فونز میں سے دو دھرم شالہ میں اور چار موہالی میں درج چوری کے مقدمات سے منسلک ہیں۔ باقی موبائل فونز کی تکنیکی طور پر جانچ کی جا رہی ہے تاکہ ان کے حقیقی مالکان کی شناخت کی جا سکے۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم ارباز گزشتہ چھ مجرمانہ مقدمات میں اور ہیمراج تین میں ملوث رہا ہے۔ ان میں چوری، مسروقہ سامان رکھنے اور حملہ جیسے معاملات شامل ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande