
نئی دہلی، 26 مئی (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے ٹیرر فنڈنگ(دہشت گردی کی مالی معاونت)معاملے کے ملزم ایم پی انجینئر رشید کو 25 جون سے 30 جون تک اپنے والد کی موت کے بعد 40 ویں کی رسومات میں شرکت کے لیے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ جسٹس پرتیبھا سنگھ کی سربراہی والی بنچ نے انجینئر رشید کو 18 مئی کو دی گئی عبوری ضمانت کی شرائط کے مطابق 2 جون کو خودسپردگی کا حکم دیا۔
اس سے قبل 18 مئی کو عدالت نے انجینئر رشید کی 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔انجینئر رشید کے والد کا 18 مئی کو ایمس میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا تھا۔ عبوری ضمانت دیتے ہوئے ہائی کورٹ نے سخت شرائط عائد کی تھیں۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ عبوری ضمانت کی مدت کے دوران سادہ لباس میں دو سیکورٹی اہلکار انجینئر رشید کے ساتھ ہر وقت تعینات رہیں گے۔
عدالت نے کہا کہ عبوری ضمانت کی مدت کے دوران، انجینئر رشید کی ان کے اہل خانہ کے علاوہ کسی اور سے ملاقاتیں دو سیکورٹی گارڈز کی موجودگی تک محدود رہیں گی۔ عدالت نے رشید کو صرف ایک موبائل فون نمبر استعمال کرنے کی اجازت دی، جو انہیں تفتیشی افسر کو فراہم کرنا ہوگا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ انجینئر رشید عبوری ضمانت پر رہتے ہوئے کسی گواہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کریں گے اور نہ ہی شواہد سے چھیڑ چھاڑ کریں گے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد