

نئی نسل اور کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ بنے گی کتاب اپناپن : ڈاکٹر موہن یادو
۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مرکزی وزیرِ زراعت چوہان کو کتاب کے اجراء پر مبارکباد دی
بھوپال، 26 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ کام کرنے کے کئی تجربات لاکھوں کارکنوں کے پاس ہیں، لیکن مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کا تقریباً 35 سال کا طویل ساتھ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے منگل کے روز مرکزی وزیر برائے زراعت و کسان بہبود اور دیہی ترقیات شیوراج سنگھ چوہان کی کتاب ’’اپناپن: نریندر مودی سنگ میرے انوبھو‘‘ (نریندر مودی کے ساتھ میرے تجربات) کے نئی دہلی میں ہوئے اجراء کے پروگرام کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کیا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مرکزی وزیر چوہان نے یوا مورچہ کے صدر، کیسریا واہنی کی ذمہ داری، مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ اور موجودہ وقت میں مرکزی وزیرِ زراعت کے طور پر اپنے طویل عوامی زندگی کے تجربات کو کتاب ’اپناپن‘ میں شیئر کیا ہے۔ یہ محض یادوں کا مجموعہ نہیں، بلکہ تنظیم، لگن، جدوجہد اور قیادت کے انداز کو سمجھنے کی ایک اہم دستاویز ہے۔ کتاب ’’اپناپن‘‘ نئی نسل اور کارکنوں کو ترغیب دینے کا کام کرے گی۔ تمام کارکن اور نوجوان یہ کتاب پڑھیں اور اس سے رہنمائی حاصل کریں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیراعظم مودی کے ساتھ گزارے گئے وقت اور اس دور کے تجربات پر مبنی یہ کتاب، کارکنوں اور عوامی نمائندوں کے لیے بیحد متاثر کن ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان اور کتاب کے پبلشر پربھات پرکاشن کو مبارکباد اور نیک واہشات پیش کیں۔ یہ پروگرام سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوگوڑا اور سابق نائب صدرِ جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کی موجودگی میں منعقد ہوا۔ پروگرام میں مرکزی وزراء، کئی ریاستوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ، صحافی، سماجی کارکن اور مصنفین موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن