
تلسی گیبارڈ نے استعفیٰ دیا، ٹرمپ نے کہا۔ کمی محسوس ہوگی
نئی دہلی، 23 مئی (ہ س)۔ امریکہ میں خفیہ ایجنسیوں کی سربراہ تلسی گیبارڈ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے دورِ اقتدار میں تلسی گیبارڈ کو امریکہ کی 18 خفیہ ایجنسیوں پر نگرانی رکھنے والے قومی خفیہ ادارے کا ڈائریکٹر مقرر کیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے تلسی گیبارڈ کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے اور ان کے اسسٹنٹ ڈپٹی ڈائریکٹر آرون لوکاس کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔
تلسی آئندہ 30 جون کو عہدے سے سبکدوش ہوں گی۔ صدر ٹرمپ کو ارسال کردہ اپنے استعفیٰ نامے میں تلسی نے اپنے شوہر ابراہم کی بیماری کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ میرے شوہر ہڈیوں کے ایک نایاب قسم کے کینسر میں مبتلا ہیں۔ وہ شوہر کی دیکھ بھال کے لیے وقت چاہتی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر تلسی کی مدتِ ملازمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کی کمی محسوس ہوگی۔ تلسی نے اپنے استعفیٰ نامے میں ایران جنگ یا دیگر مسائل پر ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں سے کسی اختلاف کا ذکر نہیں کیا ہے۔ تاہم سیاسی حلقوں میں یہ عام بحث تھی کہ تلسی گیبارڈ ایران کے جوہری پروگرام کو لے کر اس کے خلاف چھیڑی گئی جنگ کے خلاف تھیں۔ گزشتہ چند مہینوں کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کے کئی وزراء اور حکام نے استعفیٰ دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن