
وزیر اعظم نریندر مودی نے یوپی کانگریس کے صدر اجے رائے کی جلد صحت یابی کی خواہش کی
۔ کانگریس کے ریاستی صدر کو سینے میں درد اور بے چینی کی شکایت کے بعد جمعہ کی شام لکھنو کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا
وارانسی، 02 مئی (ہ س)۔ وارانسی کے رکن پارلیمنٹ اور ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے۔ جمعہ کی شام ایک پروگرام کے دوران ریاستی صدر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ انہیں سینے میں درد اور بے چینی کی شکایت کے بعد لکھنو کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاونٹ 'ایکس' پر ایک پوسٹ لکھا اور ریاستی کانگریس صدر اجے رائے کی صحت یابی کی خواہش کی۔ انھوں نے لکھا کہ 'مجھے اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے کے بیمار ہونے کی خبر ملی ہے۔ میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔'
قابل ذکر ہے کہ ریاستی کانگریس کے صدر اجے رائے نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف وارانسی پارلیمانی حلقہ سے 2014، 2019 اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے سخت مخالف، ریاستی کانگریس کے صدر وزیر اعظم کے وارانسی کے ہر دورے پر اکثر سوالات اٹھاتے ہیں۔ وزیر اعظم پر اپنی شدید تنقید کی وجہ سے ریاستی صدر کو اکثر بی جے پی آئی ٹی سیل کے ذریعہ نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے پارٹی لائنوں سے بالاتر ہوتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر کے بیمار ہونے پر جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ سوشل میڈیا پر لوگ وزیر اعظم کے اس حساس انداز کی تعریف کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ریاستی کانگریس صدر اجے رائے نے اپنے سیاسی سفر کی شروعات بی جے پی کے ساتھ کی تھی۔ وہ بی جے پی سے تین بار ایم ایل اے بھی رہ چکے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی