
معمولی تنازعہ میں ہسٹری شیٹرکا پیٹ پیٹ کر قتل
فتح پور، 2 مئی (ہ س)۔ اتر پردیش کے فتح پور ضلع میں ہفتہ کی صبح معمولی تنازعہ میں ایک ہسٹری شیٹر کو لاٹھی۔ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ نوجوان کو بچانے کے لیے آئے نوجوان کے والدین اور بھابھی پر بھی لاٹھیوں سے حملہ کیا گیا جس میں وہ زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور معاملے کی تفتیش شروع کردی۔
اسٹیشن ہاوس آفیسر آلوک کمار پانڈے نے بتایا کہ حسین گنج پولیس اسٹیشن کے علاقے کے راہی مالن کا پوروا گاوں کا رہنے والا کنو یادو (40) ایک ہسٹری شیٹر ہے جس کے خلاف حسین گنج پولیس اسٹیشن میں کئی مقدمات درج ہیں۔ ہفتہ کو وہ اپنے گھر کے باہر بیٹھا دوسروں کو گالیاں دے رہا تھا۔ پڑوسی کملیش یادو، منیش، سچن، سریندر اور دیگر لاٹھی۔ ڈنڈے لے کر پہنچے اور کنو پر وحشیانہ حملہ کرنے لگے۔ بیٹے کے چیخنے کی آواز سن کر اس کے والدین اور بھابھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے لیکن انہیں بھی مار مار کر زخمی کر دیا۔ حملہ آور واقعہ کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس نے زخمیوں کو حسین گنج کے قریبی اسپتال پہنچایا، جہاں اس کی حالت نازک دیکھتے ہوئے انہیں ضلع اسپتال ریفر کردیا گیا۔ علاج کے دوران کنو کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ کے بعد سے گاؤں میں خوف کا ماحول ہے۔ حسین گنج پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور اہل خانہ کی تحریری شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔
اسٹیشن ہاوس آفیسر آلوک کمار پانڈے نے بتایا کہ کنو یادو کے پڑوسی کے ساتھ بدسلوکی کے بعد تنازعہ بڑھ گیا، جس نے اسے لاٹھیوں سے پیٹنا شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔ جھگڑے میں زخمی ہونے والے اس کے والدین اور بھابھی کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ مقتول ہسٹری شیٹر تھا جس کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی