
تاریخ کے آئینے میں 14 مئی : ہندوستان نے سری لنکا کی باغی تنظیم ایل ٹی ٹی ای پر پابندی عائد کی
ہندوستان اور عالمی تاریخ میں 14 مئی کا دن کئی اہم واقعات کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ ہندوستان کے تناظر میں یہ تاریخ خاص طور پر اس لیے اہم ہے کیونکہ اسی دن سال 1992 میں حکومتِ ہند نے سری لنکا کی انتہا پسند تنظیم لبریشن ٹائیگرز آف تمل ایلم یعنی ایل ٹی ٹی ای پر پابندی لگائی تھی۔ حکومتِ ہند نے غیر قانونی سرگرمیوں (تدارک) ایکٹ کے تحت 14 مئی 1992 کو ایل ٹی ٹی ای کو ممنوعہ تنظیم قرار دیا۔ یہ قدم قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا تھا۔ ایل ٹی ٹی ای طویل عرصے تک سری لنکا میں علیحدہ تمل ریاست کے مطالبے کو لے کر پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث رہی تھی۔
سری لنکا حکومت اور ایل ٹی ٹی ای کے درمیان تصادم کے دوران ہندوستان نے قیامِ امن کے مقصد سے انڈین پیس کیپنگ فورس (آئی پی کے ایف) کو سری لنکا بھیجا تھا۔ تاہم وہاں حالات انتہائی پیچیدہ ہو گئے اور ہندوستانی فوج کو کئی بار طاقت کا استعمال بھی کرنا پڑا۔ اس جدوجہد میں بڑی تعداد میں فوجیوں کی جانیں گئیں۔
ہندوستان کے علاوہ یورپی یونین، کینیڈا اور امریکہ جیسے ممالک نے بھی ایل ٹی ٹی ای کو ممنوعہ تنظیم قرار دیا تھا۔ تنظیم پر دہشت گردانہ سرگرمیوں، تشدد اور سیاسی قتل و غارت میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔ 14 مئی کا یہ واقعہ ہندوستان کی دفاعی پالیسی اور جنوبی ایشیا کی علاقائی سیاست میں ایک اہم موڑ مانا جاتا ہے۔ یہ دن دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہندوستان کی سخت پالیسی کی بھی یاد دلاتا ہے۔
دیگر اہم واقعات:
1943 - انگریزی دورِ حکومت کے دوران زمیندار، سرکاری ٹھیکیدار، مجاہدِ آزادی اور سیاست دان اللہ بخش کا انتقال۔
1963 - کویت اقوامِ متحدہ کا 111 واں رکن بنا۔
1984 - فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی پیدائش۔
1991 - جنوبی افریقہ کے نسل پرستی مخالف رہنما نیلسن منڈیلا کی اہلیہ ونی منڈیلا کو چار نوجوانوں کے اغوا کے کیس میں چھ سال کی سزا سنائی گئی۔
1999 - صدی کے آخری کرکٹ ورلڈ کپ کا لارڈز (انگلینڈ) میں آغاز۔
2001 - ہندوستان اور ملیشیا کے درمیان سات معاہدے۔
2004 - ’ڈیلی مرر‘ نامی جریدے نے عراق میں جنگی قیدیوں پر مبینہ مظالم دکھانے والی جھوٹی تصاویر کی اشاعت پر برطانیہ سے معذرت کی۔
2006 - سابق کمیونسٹ رہنما جیورجیو نیپولیتانو اٹلی کے نئے صدر منتخب ہوئے۔
2006 - نیویارک ٹائمز کے مینیجنگ ایڈیٹر اور پلٹزر پرائز یافتہ اے ایم روزینتھل کا 84 برس کی عمر میں انتقال۔
2006 - چین نے فن کے شعبے میں جاری جعل سازی سے بچنے کے لیے ایک کمیشن تشکیل دیا۔
2007 - جاپان نے اپنے امن پسند آئین میں ترمیم سے متعلق بل کی منظوری دی۔
2008 - ’ٹائمز این آئی ای‘ نے انٹرنیشنل نیوز پیپر مارکیٹنگ ایسوسی ایشن (آئی این ایم اے) ایوارڈ 2008 جیتا۔
2010 - ہندوستان اور روس کے درمیان دفاع، ایٹمی توانائی، خلا، سائنس اور ٹیکنالوجی، ہائیڈرو کاربن، تجارت اور سرمایہ کاری وغیرہ میں 22 معاہدے ہوئے۔
2012 - اسرائیل کی جیلوں میں بند 1500 فلسطینی قیدی بھوک ہڑتال ختم کرنے پر رضامند ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن