


جبل پور، یکم مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے جبل پور میں نرمدا ندی پر بنے برگی ڈیم میں جمعرات کی شام کو تیز آندھی طوفان کے باعث سیاحوں سے بھرا محکمہ سیاحت کا کروز ڈوبنے کے واقعہ میں جمعہ کی صبح تک نو لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ 24 لوگوں کو محفوظ نکال لیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق نو سے زیادہ لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
برگی ڈیم میں حادثے کے وقت کروز میں 45-40 سیاح سوار تھے۔ حادثہ کنارے سے تقریباً 300 میٹر دور ہوا۔ برگی سٹی سی ایس پی انجُل مشرا نے بتایا کہ ابتدائی تلاش اور ریسکیو میں ایس ڈی آر ایف نے کئی لوگوں کو بچایا، لیکن اندھیرا اور خراب موسم سے راحت کا کام متاثر ہوا۔ جمعہ کی صبح پھر سے ریسکیو شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ اب قومی سطح کی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ ہندوستانی فوج بھی راحت اور بچاو کے کام میں مصروف ہے۔ حیدرآباد سے ایک اسپیشل ٹیم اور ہیلی کاپٹر پہنچنے والا ہے۔ کولکاتا سے پیرا ملٹری کی ایک خصوصی ٹیم جبل پور پہنچ چکی ہے۔ ہائیڈرولک مشینوں اور پوکلین کی مدد سے 20 فٹ گہرے پانی میں پھنسے کروز کو باہر نکالنے کی کوشش جاری ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ گرمی کے موسم میں شام کو لوگ برگی ڈیم گھومنے جاتے ہیں۔ جمعرات کی شام کو اچانک موسم خراب ہو گیا اور تیز آندھی شروع ہو گئی۔ اسی دوران سیاحوں سے بھرا ایک کروز کھمریا ٹاپو کے پاس توازن بگڑنے سے ڈوب گیا۔ کروز کے پائلٹ مہیش نے بتایا کہ ’’سیکورٹی کے انتظامات تو تھے، لیکن اچانک آئے تیز طوفان کی وجہ سے کروز بے قابو ہو گیا۔ کسی کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا‘‘۔ مہیش کو 10 سال کا تجربہ ہے۔
خبر لکھے جانے تک نو لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔ انتظامیہ نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ ان میں سے اب تک آٹھ متوفیان کی شناخت ہوئی ہے۔ ان میں نیتو سونی (43)، ساکن کوتوالی، جبل پور، سوبھاگیہ الام (42)، ساکن انا نگر، ویسٹ تارا پورم، تمل ناڈو، مدھور میسی (62)، ساکن کھاجن بستی، نئی دہلی، کاکولازی (38)، ساکن ویسٹ لینڈ کھمریا، جبل پور، ریشمہ سید (66)، شمیم نقوی (66)، مرینا میسی (39) زوجہ پردیپ میسی اور تریشان میسی (4 سال) ولد پردیپ میسی شامل ہیں۔ ایک لاش کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن