
جموں, 09 اپریل (ہ س)جموں سرینگر قومی شاہراہ کی بندش اور خراب موسم کے پیش نظر جموں ریلوے ڈویژن نے بانہال اور کٹرا کے درمیان خصوصی ٹرین سروس چلانے کا اعلان کیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق 9 اور 10 اپریل کو مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کو دیکھتے ہوئے دو خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ایک ٹرین کٹرا سے صبح 10 بج کر 10 منٹ پر بانہال کے لیے روانہ ہوگی، جبکہ دوسری ٹرین بانہال سے دوپہر 2 بجے کٹرا کے لیے چلے گی۔
حکام نے بتایا کہ یہ ٹرینیں صرف ریاسی اور سنگلدان اسٹیشنوں پر رکیں گی اور دیگر مقامات پر ان کا اسٹاپ نہیں ہوگا۔مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پیشگی آن لائن ٹکٹ بک کروائیں۔ متعلقہ ٹرینوں کے نمبر 04689 (کٹرا تا بانہال) اور 04690 (بانہال تا کٹرا) مقرر کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ حد تک ریلوے سروس کا استعمال کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر