
نئی دہلی، 9 اپریل (ہ س)۔ مغربی ایشیا میں جنگ بندی کے ارد گرد پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ برینٹ کروڈ آئل آج 2.50 فیصد سے زیادہ بڑھ گیا۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل نے بھی آج 3.50 فیصد سے زیادہ چھلانگ لگائی۔
مغربی ایشیا میں جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹے بعد ہی امریکا نے ایران کی شرائط کو مضحکہ خیز اور بچگانہ قرار دے کر مسترد کردیا۔ دریں اثناء اسرائیل نے بدھ کے روز لبنان پر زبردست حملہ کیا جس میں مبینہ طور پر 250 کے قریب افراد مارے گئے۔ امریکا کے تند و تیز بیان اور اسرائیل کے حملے سے مشتعل ایران نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ ایران نے کہا کہ جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ایسی صورت حال میں آبنائے سے گزرنے والے کسی بھی جہاز کو دھماکے سے اڑا دیا جائے گا۔ ایران کی وارننگ کے بعد آبنائے ہرمز ایک بار پھر بند ہو گیا ہے جس کے باعث بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
برینٹ کروڈ آئل آج کی ٹریڈنگ ڈالر2.22 ڈالرفی بیرل اضافے کے ساتھ 96.97 ڈالر فی بیرل پر شروع ہوا۔ کچھ ہی عرصے میں اس کی قیمت 97.89 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے، برینٹ خام تیل 2.53 ڈالرفی بیرل، یا 2.67 فیصد بڑھ کر 97.28 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل نے آج کی ٹریڈنگ 2.49 ڈالرفی بیرل اضافے کے ساتھ 96.90 ڈالر فی بیرل پر کھولی۔ کچھ ہی عرصے میں اس کی قیمت 98.38 ڈالر فی بیرل تک بڑھ گئی۔ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے، ڈبلیو ٹی آئی خام تیل ڈالر3.31 فی بیرل، یا 3.51 فیصد بڑھ کر ڈالر97.72 فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود آبنائے ہرمز بدھ کے بیشتر حصے میں بند رہا۔ جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹے بعد ہی امریکا کی جانب سے ایک تند و تیز بیان اور ایران کے جوابی بیان نے جنگ بندی کے مستقبل کے بارے میں ابہام پیدا کر دیا۔ اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کرکے حالات کو مزید خراب کیا۔ آج ایران کی جانب سے سعودی عرب، کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل سمیت کئی خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر میزائل حملوں کی اطلاعات ہیں۔ اس سے مغربی ایشیا میں دو ہفتوں سے جنگ بندی کے جاری رہنے کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔
فنریکس ٹریژری ایڈوائزرس ایل ایل پی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر انیل بھنسالی کا کہنا ہے کہ اگر جنگ بندی ناکام ہوتی ہے تو مغربی ایشیا کی صورتحال نمایاں طور پر خراب ہو سکتی ہے۔ امریکہ پہلے ہی ایران پر سخت حملے کی وارننگ دے چکا ہے۔ دوسری جانب ایران نے بارہا دھمکی دی ہے کہ وہ زبردستی جوابی کارروائی کرے گا۔ ان دونوں فریقوں کے درمیان تعطل نے پہلے ہی خام تیل اور قدرتی گیس کی عالمی سپلائی کو متاثر کیا ہے۔
آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی سے خام تیل اور قدرتی گیس کی 20 سے 30 فیصد سپلائی مکمل طور پر متاثر ہوئی ہے۔ مزید برآں، خلیجی ممالک پر ایران کے حملوں نے خام تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ناکام جنگ بندی کے امکانات نے ایک بار پھر توانائی کے عالمی بحران کے خدشات کو جنم دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی