
بھوپال، 07 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے بھوپال، اندور، اجین اور نرمدا پورم ڈویژن میں منیمم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) پر گیہوں کی خریداری آئندہ 10 اپریل سے شروع ہوگی۔ اس کے لیے آج منگل سے سلاٹ بکنگ شروع ہو رہی ہے۔ رجسٹرڈ کسان اپنی گیہوں کی پیداوار امدادی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے اب اپنا سلاٹ بک کر سکتے ہیں۔
محکمہ خوراک و شہری سپلائی کی ایڈیشنل چیف سکریٹری رشمی ارون شمی نے بتایا کہ 07 اپریل سے سلاٹ بکنگ شروع ہو رہی ہے۔ اس بار ریاست کے 1,904,644 کسانوں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ گیہوں کی خریداری کے لیے ریاست میں 3,627 مراکز بنائے گئے ہیں۔ امدادی قیمت 2,625 روپے کے اوپر 40 روپے فی کوئنٹل ترغیبی رقم دی جائے گی۔ اس بار 78 لاکھ ٹن گیہوں کی خریداری کا تخمینہ ہے۔ اس کے لیے تین لاکھ 12 ہزار باردانے کے گٹھوں کی ضرورت ہوگی۔ خریداری شروع کرنے کے لیے ضروری باردانے کا ذخیرہ دستیاب ہے۔
وزیر برائے خوراک و شہری سپلائی گووند سنگھ راجپوت نے بتایا کہ رجسٹرڈ کسانوں سے پوری پیداوار خریدی جائے گی۔ کچھ مقامات پر 9 اپریل سے بھی خریداری کی جا سکتی ہے۔ جوٹ کمشنر سے ڈھائی کروڑ بوروں کی الاٹمنٹ مل گئی ہے۔ پلاسٹک بیگ اور ایک بار استعمال شدہ جوٹ کے بورے حاصل کرنے کے لیے ٹینڈر کر دیے گئے ہیں۔
ادھر، گیہوں کی خریداری میں ہونے والی تاخیر اور کوآپریٹو سوسائٹیوں سے لیے گئے قرض کی ادائیگی کی آخری تاریخ نہیں بڑھانے کے خلاف کانگریس 9 اپریل کو کلکٹر دفاتر کا محاصرہ کرے گی۔ 15 اپریل کو بھوپال میں مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کی رہائش گاہ کے باہر اپواس رکھا جائے گا۔
وہیں، وزیراعلیٰ موہن یادو نے کہا ہے کہ ہر رجسٹرڈ کسان سے پیداوار خریدی جائے گی۔ پہلے چھوٹے، پھر درمیانے اور آخر میں بڑے کسانوں سے پیداوار خریدی جائے گی۔ ریاست میں باردانے کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خریداری کے نظام پر باقاعدہ نگرانی کے لیے ریاستی سطح پر اور زرعی پیداوار منڈیوں میں بھی کنٹرول روم بنائے جائیں گے۔ تمام تول مراکز کا 10 اپریل سے پہلے معائنہ کرایا جائے گا، تاکہ کسانوں میں کسی قسم کا شک و شبہ نہ رہے۔ وزیراعلیٰ نے ضلع حکام کو مراکز پر بجلی، پینے کا پانی، بیٹھنے کا انتظام، سایہ، بیت الخلا اور پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن