
حیدرآباد ، 7 اپریل (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے امراوتی کو آندھرا پردیش کا نیا دارالحکومت بنانے سے متعلق آندھرا پردیش تنظیم نو (ترمیمی) ایکٹ، 2026 کو منظوری دے دی ہے۔ وزارت قانون و انصاف نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ صدر نے اس ایکٹ کی منظوری دی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس ایکٹ کو آندھرا پردیش تنظیم نو(ترمیمی) ایکٹ، 2026 کہا جا سکتا ہے اور یہ2 جون سے نافذ کیا جائے گا۔ امراوتی 2 جون سے باضابطہ طور پر آندھرا پردیش کی راجدھانی بن جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے میں متعلقہ بل کو منظوری دی تھی۔ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس نوٹیفکیشن کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ امراوتی آندھرا پردیش کی راجدھانی ہے۔ ایک موثر ٹویٹ میں، انہوں نے صدراور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش کے لوگوں کی طرف سے، میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جی کا آندھرا پردیش کی تنظیم نو(ترمیمی) ایکٹ، 2026 کو منظور کرنے کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جس سے ہمارا دارالحکومت کا دیرینہ خواب پورا ہوا ہے۔ میں وزیر اعظم نریندر مودی جی کی قیادت والی مرکزی حکو مت کو ہماری ریاست کے تئیں ان کی وابستگی اور رہنمائی کے لیے، بل کی حمایت کرنے والے تمام ارکان پارلیمنٹ، ہمارے ریاستی قائدین اور ہمارے ساتھ کھڑے رہنے والے ہر شہری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ آندھرا پردیش کے لوگوں، خاص طور پر امراوتی کے کسانوں کی جیت ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق