

الور/بھوپال، 30 اپریل (ہ س)۔ دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر الور ضلع کے لکشمن گڑھ تھانہ علاقہ میں دیر رات چلتی کار میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 5 لوگ زندہ جل گئے۔ ڈرائیور شدید طور پر جھلس گیا۔ اسے جے پور کے ایس ایم ایس اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ حادثہ بدھ کی رات تقریباً 11 بجے موج پور کے پاس ہوا۔
پولیس کے مطابق، مدھیہ پردیش کے شیوپور ضلع کے چین پورہ گاوں کا رہائشی خاندان ویشنو دیوی سے درشن کر کے لوٹ رہا تھا۔ خاندان نے کار کرایے پر لی تھی۔ موج پور کے پاس پہنچتے ہی کار میں اچانک سی این جی گیس کا رساو ہوا، جس سے فوراً آگ لگ گئی۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کار میں سوار لوگوں کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ ڈرائیور کسی طرح باہر نکلنے میں کامیاب رہا، لیکن وہ بھی شدید طور پر جھلس گیا۔ اطلاع ملتے ہی لکشمن گڑھ تھانہ پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی گئی۔ آگ پر قابو پانے کے بعد کار پوری طرح جل چکی تھی۔
لکشمن گڑھ تھانہ انچارج نیکی رام نے بتایا کہ یہ واقعہ رات تقریباً 11 بجے کا ہے۔ گاڑی سی این جی اور پیٹرول سے چلتی تھی۔ گیس رساو کے باعث آگ لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کر گئی۔ حادثے میں 3 خواتین، ایک مرد اور ایک بچی کی موقع پر ہی زندہ جل کر موت ہو گئی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ لاشیں پوری طرح جل گئی ہیں، جن کی پہچان ڈی این اے جانچ سے کرائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ موقع پر میڈیکل ٹیم کو بلایا گیا ہے اور متوفین کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ اس دوران الور پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھیر چودھری بھی رات میں ہی موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔
پولیس کے مطابق، موج پور میں ایس ایس بی ٹریننگ سینٹر کے پاس کار میں اچانک آگ لگی۔ ریسکیو ٹیم کو آگ بجھانے کے بعد کار میں سے صرف ہڈیاں ملی ہیں۔ خدشہ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ الور کی اے ایس پی پرینکا رگھوونشی کے مطابق، رات تقریباً 11.15 بجے لکشمن گڑھ پولیس کو کار میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ رات تقریباً 11.30 بجے فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی تھی۔ آگ بجھانے میں تقریباً 15 منٹ کا وقت لگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن