
ممبئی، 29 اپریل (ہ س)۔ سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے ایک سنسنی خیز ہائی اسکورنگ مقابلے میں ممبئی انڈینز (ایم آئی) کو 6 وکٹ سے ہرا کر شاندار جیت درج کی۔ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں حیدرآباد نے 244 رن کا بڑا ہدف 18.4 اوور میں حاصل کر لیا۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ممبئی انڈینز نے 20 اوور میں 5 وکٹ پر 243 رن بنائے۔ ٹیم کے لیے ریان رکلٹن نے شاندار سنچری اننگز کھیلتے ہوئے ناٹ آوٹ 123 رن بنائے۔ ان کے علاوہ ول جیکس نے 46 اور کپتان ہاردک پانڈیا نے 31 رن کا تعاون دیا۔
سن رائزرز کے لیے پرفل ہنگے نے 2 وکٹ لئے۔ ایشان ملنگا، ثاقب حسین اور نتیش کمار ریڈی کو ایک ایک وکٹ ملا۔ کپتان پیٹ کمنز کو کوئی وکٹ نہیں ملا۔
بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری حیدرآباد کی شروعات دھماکہ خیز رہی۔ ٹریوس ہیڈ اور ابھشیک شرما نے پاور پلے میں ہی ممبئی کے گیندبازوں پر حملہ بول دیا۔ ہیڈ نے 30 گیندوں میں 76 رن کی طوفانی اننگز کھیلی، جبکہ ابھشیک نے 45 رن بنا کر مضبوط بنیاد رکھی۔
مڈل آرڈر میں ہینرک کلاسن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹ آوٹ 65 رن بنا کر ٹیم کو جیت تک پہنچایا۔ انہوں نے تیزی سے رن بناتے ہوئے میچ کا رخ پوری طرح حیدرآباد کے حق میں کر دیا۔
ممبئی کی جانب سے گیندبازی میں کوئی خاص اثر نہیں دکھا، جس سے اتنا بڑا اسکور بھی بچایا نہیں جا سکا۔ اس شکست کے ساتھ ممبئی انڈینز کو اس سیزن کی 6 ویں ہار جھیلنی پڑی، جبکہ وانکھیڑے میں یہ ان کی 4 تھی شکست رہی۔
یہ مقابلہ آئی پی ایل تاریخ کے بہترین رن چیز میں شامل ہو گیا، جہاں 240 سے زیادہ کا ہدف بھی محفوظ ثابت نہیں ہوا۔ حیدرآباد کی اس جیت نے ٹی 20 کرکٹ میں جارحانہ بلے بازی کا نیا معیار قائم کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن