
گوہاٹی، 3 اپریل (ہ س)۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے جمعہ کو آسام کی بارک وادی میں آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کی حمایت میں اپنی انتخابی مہم کو تیز کرتے ہوئے 'میاں' برادری سے متحد ہوکر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو بے دخل کرنے کی اپیل کی۔
انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے، اویسی نے میاں زندہ باد کے نعرے لگائے اور کہا کہ اس بار برادری کو متحد ہو کر بی جے پی کو شکست دینے کے لیے اے آئی یو ڈی ایف کے حق میں ووٹ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میاں برادری کا وجود اور تشخص ہمیشہ برقرار رہے گا۔
ایم پی اویسی نے بی جے پی حکومت کے ذریعہ چلائی جارہی مبینہ بے دخلی مہم کی مخالفت کی اور لوگوں سے 9 اپریل کو ووٹنگ کے ذریعہ جواب دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ غریب اقلیتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ پارٹی نے غریب میاں خاندانوں کی بے دخلی کے خلاف کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ووٹ دینے سے کمیونٹی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
اویسی نے یہ بھی کہا کہ صرف اے آئی یو ڈی ایف ہی آسام میں میاں برادری کے تحفظ، حقوق اور وقار کے لیے لڑ رہی ہے اور لوگوں سے پارٹی کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ