
کولکاتا، 29 اپریل (ہ س)۔ بی جے پی لیڈر شبھیندو ادھیکاری اور ممتا بنرجی کے درمیان سخت مقابلہ والے بھوانی پور حلقہ میں دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران بدھ کو کالی گھاٹ علاقے میں کشیدگی کے حالات پیدا ہو گئے۔
بتایا گیا ہے کہ جب بی جے پی لیڈر شبھیندو ادھیکاری بوتھوں کا دورہ کرنے پہنچے تو ترنمول کارکنوں اور حامیوں نے انہیں گھیر لیا اور ”چور- چور“ کے نعرے لگانے لگے۔ جواب میں بی جے پی کے حامیوں نے ”جئے شری رام“ کے نعرے لگائے۔ کالی گھاٹ روڈ اور ہریش مکھرجی روڈ کے چوراہے پر دونوں طرف سے نعروں کے تبادلے نے ماحول کو گرما دیا۔
حالات خراب ہوتے دیکھ کر شبھیندو ادھیکاری نے وہیں سے الیکشن کمیشن سے شکایت کی اور مرکزی فورسز کو طلب کرنے کی بات کہی ۔ کچھ ہی منٹوں میں پولیس اور مرکزی فورسز کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ حالات پر قابو پانے کے لیے ہلکے لاٹھی چارج کی بھی اطلاعات ہیں۔
اسی دوران، ترنمول کونسلر اور ممتا بنرجی کی بھابھی کجری بنرجی بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وہاں ووٹنگ پرامن طریقے سے ہو رہی ہے، لیکن شبھیندو ادھیکاری کی شکایت کے بعد پولیس اور مرکزی فورسز نے لاٹھی چارج کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد