
ممبئی ، 29 اپریل (ہ س) مہاراشٹر حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے برطانیہ کے معروف تعلیمی ادارے لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس میں بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے نام سے ایک مستقل تعلیمی چیئر قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے نام پر ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے وظائف فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی صدارت میں ہونے والی ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں کیا گیا۔
اس اقدام کا مقصد ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے افکار اور خدمات کو عالمی سطح پر فروغ دینا اور ان کے نظریات کی بنیاد پر سماجی انصاف، آئینی جمہوریت، معاشی مساوات اور انسانی حقوق جیسے موضوعات پر اعلیٰ معیار کی تحقیق کو بڑھاوا دینا ہے۔
اس چیئر کے تحت آئین اور جمہوریت، سماجی مساوات، معاشی جمہوریت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم، مزدوروں کے حقوق، وفاقی نظام اور عوامی مالیات جیسے موضوعات پر بین شعبہ جاتی تحقیق کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سالانہ خطابات، سیمینار، تعلیمی پروگرام اور تحقیقی اشاعتوں کے ذریعے علمی سرگرمیوں کو وسعت دی جائے گی۔
چیئر کے قیام کے لیے تقریباً 30 لاکھ پاؤنڈ یعنی 37 کروڑ 13 لاکھ 82 ہزار 300 روپے کی رقم فراہم کی جائے گی۔ ابتدائی دس برسوں تک اس چیئر کے لیے اسی ادارے کے موجودہ پروفیسروں میں سے انتخاب کیا جائے گا، جبکہ بعد میں بین الاقوامی سطح پر کھلے انتخاب کے ذریعے تقرری کی جائے گی۔
اس منصوبے کے تحت لندن اسکول آف اکنامکس، مہاراشٹر حکومت اور ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے دس پی ایچ ڈی وظائف دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ ہر پی ایچ ڈی پروگرام کی مدت چار سال ہوگی۔ پہلا وظیفہ تعلیمی سال 2027-28 سے جبکہ دوسرا 2029-30 سے شروع کیا جائے گا۔
وظائف کے لیے درخواستوں کی جانچ لندن اسکول آف اکنامکس کی کمیٹی کرے گی۔ مہاراشٹر کے درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو اس اسکیم کے تحت درخواست دینا ضروری ہوگا۔ درخواست دہندگان کی تفصیلات متعلقہ اداروں کے ذریعے لندن اسکول آف اکنامکس کو بھیجی جائیں گی۔
ابتدائی دس وظائف کے لیے مالی تعاون مہاراشٹر حکومت اور متعلقہ اداروں کے درمیان برابر تقسیم کیا جائے گا۔ ایک طالب علم پر تقریباً ایک لاکھ 91 ہزار 317 پاؤنڈ یعنی 2 کروڑ 36 لاکھ 83 ہزار 916 روپے خرچ ہونے کا اندازہ ہے، جس میں نصف رقم ادارہ خود فراہم کرے گا۔
اس منصوبے کے نفاذ کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مفاہمتی معاہدہ کیا جائے گا، جس کی منظوری بھی کابینہ نے دے دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے