اے ایم یو کے ویمنس کالج ہسٹری اسٹڈی سرکل کے زیر اہتمام دو روزہ قومی کانفرنس منعقد
اے ایم یو کے ویمنس کالج ہسٹری اسٹڈی سرکل کے زیر اہتمام دو روزہ قومی کانفرنس منعقد علی گڑھ، 29 اپریل (ہ س)۔ ویمنس کالج ہسٹری اسٹڈی سرکل (ڈبلیو سی ایچ ایس سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے ”ہسٹوریا“ کے عنوان سے دو روزہ قومی کانفرنس منعقد ک
ہسٹری سرکل


اے ایم یو کے ویمنس کالج ہسٹری اسٹڈی سرکل کے زیر اہتمام دو روزہ قومی کانفرنس منعقد

علی گڑھ، 29 اپریل (ہ س)۔ ویمنس کالج ہسٹری اسٹڈی سرکل (ڈبلیو سی ایچ ایس سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے ”ہسٹوریا“ کے عنوان سے دو روزہ قومی کانفرنس منعقد کی، جس کا مقصد تاریخی تحقیق میں گہری دلچسپی کو فروغ دینا اور مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور محققین میں تنقیدی نقطہ نظر کو پروان چڑھانا تھا۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں شعبہ تاریخ، اے ایم یو کی پروفیسر شاداب بانو نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، جبکہ اجلاس کی رپورٹ ڈبلیو سی ایچ ایس سی کی صدر ناز خان نے پیش کی۔

کلیدی خطبہ دیتے ہوئے شعبہ تاریخ، اے ایم یو کے پروفیسر سید علی ندیم ریضاوی نے عہدِ مغلیہ کو مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ یگانگت کا دور قرار دیا۔ انہوں نے تاریخی مثالوں کے ذریعے واضح کیا کہ اُس دور میں مختلف برادریاں اور کمیونٹیز باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے ساتھ رہتی تھیں۔ اپنے خطبہ بعنوان ”تقسیم سے پہلے: مغلیہ ہندوستان میں کمیونٹی، شہر اور ہم آہنگی“میں پروفیسر ریضاوی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندو-مسلم تقسیم کی جڑیں عہد وسطیٰ میں نہیں بلکہ یہ زیادہ تر نوآبادیاتی دور کی پیداوار ہے۔

اجلاس کی صدارت شعبہ تاریخ کے چیئرمین پروفیسر حسن امام نے کی، جنہوں نے طلبہ کو اس طرح کی علمی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی ترغیب دی۔ کانفرنس میں مختلف موضوعاتی زمروں کے تحت علمی اجلاس منعقد کیے گئے، جس میں طلبہ نے اپنی تحقیق پیش کی۔پینل یکم، بعنوان ”نوآبادیاتی حکمرانی، قانون اور ادارہ جاتی طاقت“ کی صدارت ڈاکٹر سلیم جاوید نے کی۔ اس سیشن میں ثانیہ، نذرہ، نغمہ یوسف اور گنجن کھروار نے اپنے مقالے پیش کئے۔

پینل دوم بعنوان ”معیشت، ماحولیات اور زرعی مزاحمت“ کی صدارت ڈاکٹر فرح سیف عابدین نے کی۔ اس میں سورنیما بھارتی، ریشما خاتون، شیزا شعیب، عظمیٰ گل اور دیگر نے مقالے پیش کئے۔ پینل سوم بعنوان ”تاریخ نگاری، شناخت اور ثقافتی بیانیے“ کی صدارت ڈاکٹر لکی خان نے کی۔ اس میں اساوری شرما، شاذیہ عصمت، سماہر نے اپنے مقالے پڑھے۔ پینل چہارم بعنوان ”صنف، معاشرہ اور زیست کے تجربات“ کی صدارت ڈاکٹر شوانگنی ٹنڈن نے کی۔ اس میں افلاحہ، علمہ یوسف، مریم خان، لیزا کمال اور فروہ نے اپنے مقالے پیش کئے۔

اختتامی اجلاس میں پروفیسر شاداب بانو نے کلیدی خطاب کیا، جبکہ صدارت ڈاکٹر سلیم جاوید نے کی۔ آخر میں ڈبلیو سی ایچ ایس سی کی نائب صدر زینب فائزہ اسلام نے کلمات تشکر ادا کئے۔ کانفرنس کا انعقاد ڈاکٹر ظفر منہاج (ٹیچر اِن چارج) کی نگرانی میں کیا گیا۔ ہسٹری اسٹڈی سرکل کے طلبہ عہدیداران ناز خان (صدر)، زینب فائزہ اسلام (نائب صدر) اور طہورہ شکیل (سکریٹری) نے پروگرام کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande