
کولکاتا، 25 اپریل (ہ س)۔ الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا ہے۔ کمیشن نے 29 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ کے دوسرے مرحلے کے لیے 11 اضافی پولیس مشاہدین کا تقرر کیا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ذرائع کے مطابق، تمام اضافی پولیس مشاہدین کو دوسری ریاستوں سے بلایا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی کا مقصد حساس علاقوں میں نگرانی بڑھانا، تشدد کے امکان کو روکنا اور ووٹنگ کے پرامن عمل کو یقینی بنانا ہے۔
پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران وسیع حفاظتی انتظامات کے باوجود بعض مقامات پر کشیدگی اور تشدد کے چھٹپٹ واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس کے پیش نظر کمیشن دوسرے مرحلے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے امکانات کو ختم کرنا چاہتا ہے۔
ان 11 اضافی تقرریوں کے ساتھ ریاست میں پولیس مشاہدن کی کل تعداد 95 ہو گئی ہے۔ اس سے قبل کمیشن نے انتخابات کے لیے 84 پولیس مشاہدین کی تقرری کی تھی، جو پچھلے انتخابات کے مقابلے زیادہ تھی۔
الیکشن کمیشن نے حساس علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں خصوصی چوکسی کی ہدایت کی ہے۔ ریاستی پولیس کو اضافی مشاہدین کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
دریں اثنا، کمیشن نے جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے ڈائمنڈ ہاربر پولیس اسٹیشن کے پانچ پولیس افسران کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا ہے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
معطل کیے گئے افسران میں ایک ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سطح کا افسر اور ایک سب ڈویژنل افسر سطح کا افسر شامل ہے۔ کارروائی کا سامنا کرنے والے دیگر افسران میں متعلقہ اسٹیشن ہاو¿س افسران شامل ہیں۔ کمیشن نے ڈائمنڈ ہاربر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ایشانی پال کو بھی سخت انتباہ جاری کیا۔
مغربی بنگال اسمبلی کے انتخابات دو مرحلوں میں ہو رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے کے لیے 29 اپریل کو 142 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد