
نئی دہلی/چنڈی گڑھ، 25 اپریل (ہ س)۔
بھارتی ہاکی لیجنڈ اور 1968 کے اولمپک کانسی کا تمغہ جیتنے والے گربخش سنگھ گریوال کا جمعہ کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 84 برس تھی۔ انہوں نے زرکپور میں آخری سانس لی۔
ہاکی انڈیا نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ ہاکی انڈیا کے مطابق، گربخش سنگھ گریوال ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے جس نے 1968 میکسیکو سٹی اولمپکس میں ملک کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ وہ ہندوستانی ہاکی کی تاریخ کے ان چند منتخب کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے اپنی کارکردگی سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔
ان کی خاص کامیابیوں میں سے ایک اپنے بھائی بلبیر سنگھ گریوال کے ساتھ اسی اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کرنا تھا۔ یہ ایک نادر موقع تھا جب دو حقیقی بھائی ایک ہی اولمپکس میں ہندوستانی ہاکی ٹیم کا حصہ تھے۔
اپنے کھیل کے کیریئر کے بعد بھی، گربخش سنگھ گریوال نے ہاکی سے اپنا تعلق برقرار رکھا۔ انہوں نے ویسٹرن ریلوے کے ایک سینئر اسپورٹس آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں اور بہت سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت اور بھرتی کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جن میں راجستھان کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
سروس سے ریٹائر ہونے کے بعد، ممبئی میں رہتے ہوئے، انہوں نے کھیلوں کی انتظامیہ میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ انہوں نے ممبئی ہاکی ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیں اور ہاکی کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کے انتقال سے ہندوستانی ہاکی کمیونٹی میں صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے، کھیلوں کے شائقین نے انہیں دلی خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ