
سیویل، 25 اپریل (ہ س)۔ لا لیگا 26-2025 میں ریئل میڈرڈ کو ریئل بیٹس کے خلاف جمعہ کی رات 1-1 سے ڈرا کھیلنا پڑا، جس سے اس کی خطاب کی امیدوں کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ مقابلے کے آخری لمحات میں ہیکٹر بیلیرین کے گول نے ریئل میڈرڈ سے جیت چھین لی۔
میچ کے 17 ویں منٹ میں ریئل میڈرڈ نے سبقت حاصل کی۔ فیڈریکو والورڈے کے دور سے لگائے گئے شاٹ کو بیٹس کے گول کیپر الوارو وایس ٹھیک سے نہیں روک سکے اور گیند وینیسیئس جونیئر کے پاس پہنچی، جنہوں نے شاندار فنش کرتے ہوئے ٹیم کو 0-1 کی سبقت دلائی۔
اس کے بعد جوڈ بیلنگھم کے پاس سبقت دوگنی کرنے کا موقع تھا، لیکن وہ چوک گئے۔ پہلے ہاف کے اختتام تک بیٹس نے واپسی کی کوشش کی، لیکن ریئل کے گول کیپر آندرے لونن نے کئی بہترین بچاو کر کے ٹیم کی سبقت برقرار رکھی۔
دوسرے ہاف میں ریئل میڈرڈ نے کھیل پر کنٹرول برقرار رکھا، لیکن کئی مواقع گنوا دیے۔ کلیان ایمباپے کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ انہوں نے ٹرینٹ الیگزینڈر آرنلڈ کے پاس پر آسان موقع گنوایا، وہیں ان کا ایک گول آف سائیڈ قرار دیا گیا۔
لونن نے 65 ویں منٹ میں کچو ہرنینڈز کے خلاف شاندار ایک ہاتھ سے بچاو کیا اور پھر ناتان کے شاٹ کو بھی روکا۔ وینیسیئس جونیئر بھی ایک آسان موقع گنوا بیٹھے، جس سے ریئل سبقت کو محفوظ نہیں کر سکا۔
اس کا خمیازہ ٹیم کو 93 ویں منٹ میں بھگتنا پڑا۔ فیرلینڈ مینڈی سے گیند چھیننے کے بعد اینٹنی نے حملہ بنایا اور گیند بیلیرین کے پاس پہنچی، جنہوں نے ہجوم کے درمیان سے لو شاٹ لگا کر گول کر دیا۔
میچ کے بعد بیلیرین نے کہا، ”ایسی صورتحال میں زیادہ سوچنے کا وقت نہیں ہوتا۔ میں عام طور پر دور سے شاٹ نہیں لگاتا، لیکن اس بار موقع ملا اور گیند گول میں چلی گئی۔“
انہوں نے مزید کہا، ”مجھے لگتا ہے کہ ہم نے میچ میں اچھا کنٹرول رکھا اور ہمیں ایک پوائنٹ سے زیادہ ملنا چاہیے تھا۔ جیت نہیں ملنا تھوڑا مایوس کن ہے، لیکن یہ اچھا نتیجہ ہے۔“
اس ڈرا کے بعد بارسلونا 82 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اور دوسرے مقام پر قابض ریئل میڈرڈ سے آٹھ پوائنٹس آگے ہے۔ بارسلونا کے پاس ایک میچ اضافی ہے اور وہ گیٹافے کے خلاف جیت درج کر کے اپنی برتری کو 11 پوائنٹس تک بڑھا سکتا ہے۔
اب ریئل میڈرڈ کو خطاب کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے باقی میچوں میں تقریباً پرفیکٹ کارکردگی دکھانی ہوگی، جبکہ 10 مئی کو کیمپ ناو میں ہونے والا ’ایل کلاسیکو‘ اس سیزن کا فیصلہ کن مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن