
منشیات کے خلاف متحدہ عوامی تحریک کی ضرورت ۔ ایل جی
جموں، 24 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ریاسی میں نشہ مکت جموں و کشمیر مہم کا آغاز کرتے ہوئے منشیات کے خلاف متحدہ عوامی تحریک کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے جو معاشرے کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہی ہے، اس لیے ہر طبقے کو اس کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ گزشتہ 12 دنوں کے دوران جموں ڈویژن میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن میں متعدد مقدمات درج کیے گئے اور کئی منشیات فروش گرفتار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کی منشیات ضبط کی گئی جبکہ ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ضبط یا منسلک کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروشوں کی جائیدادیں مسمار کی گئی ہیں، 187 ڈرائیونگ لائسنس اور 4 گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہیں، جبکہ 48 منشیات فروشوں کے خلاف مالیاتی تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈرگ اور کیمسٹ دکانوں کی جانچ کے دوران 15 لائسنس بھی منسوخ کیے گئے۔ منوج سنہا نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کو بحالی مراکز بھیجا جا رہا ہے اور انہیں کونسلنگ فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 11 اپریل سے اب تک جموں ڈویژن میں 1947 خواتین کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں، جو اس مہم میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک عوامی تحریک ہونی چاہیے جو گھروں، اسکولوں اور محلوں سے شروع ہو۔ مائیں اور بہنیں اس جدوجہد میں اہم ستون ہیں اور ان کی مدد سے ہم اس برائی پر قابو پا سکتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے خبردار کیا کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس اور دیگر ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ منشیات فروشوں اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو سنجیدگی سے لیں اور ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں۔
انہوں نے سماجی تنظیموں، مذہبی رہنماؤں اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ معاشرے کو منشیات سے پاک بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر