
ممبئی ، 2 اپریل (ہ س) مہاراشٹر کے تھانے ضلع کے ممبرا علاقے میں واقع کیلاش نگر میں جمعرات کو ایک معمولی تنازع کے بعد ایک شخص نے تین افراد پر دیسی پستول سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ دوپہر کے وقت کیلاش نگر میں سمنتائی ہندی اسکول کے پیچھے بسم اللہ چال کے قریب پیش آیا، جہاں ملزم جین شِوانندن نائر (51) رہائش پذیر تھا۔ اطلاع ملتے ہی ممبرا پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمیوں عبدال شیخ، اکبر احمد اور سمیر شیخ کو فوری طور پر کالسیکر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اکبر احمد کو مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم جین شِوانندن نائر کو جائے واردات سے ہی گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے دیسی پستول ضبط کر لی۔ ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
سینئر پولیس انسپکٹر انیل شندے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم بسم اللہ چال میں رہنے والی ایک خاتون کو اپنی بہن مانتا تھا، جبکہ متاثرہ افراد مبینہ طور پر اس خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے تھے۔ خاتون نے اس بارے میں ملزم کو آگاہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے روز بھی مذکورہ افراد نے خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، جس کے بعد ملزم اپنے گھر سے دیسی پستول لے کر آیا اور تینوں پر فائرنگ کر دی۔
فی الحال پولیس اس معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے، جس میں اسلحہ کے حصول کے ذرائع کی بھی جانچ شامل ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے